اسلام آباد:
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں امن عامہ کی صورتحال کو مخدوش قرار دیتے ہوئے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے الیکشن کمیشن میں اپیل دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخاب ملتوی کیے جائیں، کوئٹہ میں لاء اینڈ آرڈر کی نازک صورتحال ہے اور انٹرنیٹ سروس بند ہے، سخت موسمی حالات کے وجہ سے عوام نے موسمی نقل مکانی کرلی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے علاوہ صوبہ بلوچستان کے دیگر اضلاع میں 3 سال پہلے بلدیاتی انتخابات ہوئے اور بلدیاتی اداروں کی میعاد مکمل ہونے میں صرف 9 مہینے باقی ہیں۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں اور آج سے بیلٹ پیپروں کی پرنٹنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے۔