شکارپور، پولیس کا بروقت ایکشن، ڈکیتی کی واردات ناکام، ایک ڈاکو ہلاک، پانچ فرار

ہلاک ڈاکو کے قبضے سے کلاشنکوف، میگزین اور گولیاں برآمد کر لی گئیں


ویب ڈیسک December 09, 2025
فوٹو: فائل

شکارپور:

شکارپور کے علاقے جاگن لنک روڈ پر ڈکیتی کی اطلاع پر پہنچنے والی اسٹورٹ گنج پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے پانچ ساتھی فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔

پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت نادر مہر سکنہ رستم کے نام سے ہوئی ہے، جو اقدامِ قتل، پولیس مقابلوں، ڈکیتی اور دیگر سنگین نوعیت کے 11 مقدمات میں مطلوب تھا۔

موقع پر موجود ڈاکو دو موٹر سائیکلز پر گلاب سعد خانانی، واجد سومرو اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ واردات کی نیت سے گھات لگائے بیٹھے تھے۔

ڈکیتوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں نادر مہر ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر پانچ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ہلاک ڈاکو کے قبضے سے کلاشنکوف، میگزین اور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی شکارپور کے مطابق فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

مقبول خبریں