بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کو مزید مؤثر بنائیں گے، شہباز شریف

مالی بدعنوانی ملکی ترقی، معاشرتی تنوع اور معیشت کی بنیادوں کو کمزور کرتی ہے، وزیر اعظم


عامر الیاس رانا December 09, 2025

اسلام آباد:

انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج پاکستان اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر اس عزم کی تجدید کرتا ہے اور بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنائیں گے.

2025 میں یہ عالمی دن "نوجوانوں کے ساتھ مل کر بدعنوانی کے خلاف: ایماندار، باعزت مستقبل کی بنیاد" کے عنوان کے تحت منایا جارہا ہے۔ یہ عنوان ہمہ جہتی اور ہر عمر کی آبادی کی شمولیت سے اس برائی کے خاتمہ کرنےکی اہمیت کو اجاگر کر رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوان ہمارا بیش قیمت اثاثہ ہیں اور پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کی ضمانت ہیں۔ جدید دور میں بدعنوانی کی نوعیت اور طریقہ کار تیزی سے بدل رہی ہیں اس لیے نوجوانوں کی اس کے سد باب میں شمولیت سے اس ناسور کو مؤثر انداز میں ختم کیا جا سکتا ہے۔

مالی بدعنوانی ملکی ترقی، معاشرتی تنوع اور معیشت کی بنیادوں کو کمزور کرتی ہے اور عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد بدعنوانی کاعالمی دن دنیا بھر کے افراد کو یہ موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ وہ بدعنوانی کے مضر معاشرتی اثرات کی حوصلہ شکنی اور بدعنوانی سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔

مالی بدعنوانی نہ صرف ملکی انتظامیہ کو کمزور کرتی ہے بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی، معاشرتی انصاف و مساوات، معاشی ترقی اور فلاحی ریاست کے بنیادی اصولوں کو بھی متاثر کرتی ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس ضمن میں قومی احتساب بیورو (نیب) اور تمام متعلقہ ادارے بھرپور طریقے سے اور بڑی تندہی سے کارروائی کر رہے ہیں تاکہ انتظامی ، مالیاتی اور ادارہ جاتی سمیت ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مالی بد عنوانی کے خلاف قانونی کارروائیاں اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے نیب کی کاوشیں لائق تحسین ہیں اور اس تناظر میں نوجوان نسل میں انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھی نیب کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

منظم مالی جرائم کے باعث اپنی رقوم سے محروم ہونے والے شہریوں کی بروقت داد رسی سے بھی نیب پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔

عالمی سطح پر بھی پاکستان اس معاشرتی برائی کے خاتمے کے لیۓ موثر شراکت داری کررہا ہے ۔ پاکستان اقوام متحدہ کے کنونشن برائے انسداد بدعنوانی (UNCAC) کے تحت مختلف ممالک کے ساتھ تعاون اور باہمی قانونی معاونت کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط عالم شراکت داری کا حصہ ہیں۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر آئیے تجدید عہد کریں کہ ہم یکجہتی، مشترکہ مقصد اور شفاف، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کے خواب کی تکمیل میں ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔اور وفاقی، صوبائی حکومتوں سمیت پورے معاشرے کی سطح پر ہر طبقہ اور رہنماؤں کو شامل کرتے ہوۓ اس کے خلاف جدو جہد کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جاۓ گا۔

مقبول خبریں