پیپلز پارٹی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیگی، نثار کھوڑو

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 14 اگست 2014
وزیراعظم نوازشریف کی تقریر کے بعد صورتحال معمول پر آنی چاہیے تھی، عبدلقادر پٹیل، نجمی عالم۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف کی تقریر کے بعد صورتحال معمول پر آنی چاہیے تھی، عبدلقادر پٹیل، نجمی عالم۔ فوٹو: فائل

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے لیے پیپلز پارٹی کی کمیٹی کے رکن نثاراحمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی جمہوریت میں ہے اور پیپلز پارٹی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دے گی۔

احتجاج کرنا تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے اس لیے عمران خان اور طاہرالقادری آئین کے دائرہ کارمیں رہ کر احتجاج کریں، اگر جمہوری سسٹم ڈی ریل ہوا تو نقصان سب کا ہوگا،ان خیالات کااظہار انھوں نے بدھ کی شب جشن آزادی کے حوالے سے سندھ اسمبلی میں چراغاں کرنے کی تقریب اور صحافیوں سے گفتگو میں کیا، انھوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں طاقت کا استعمال کسی مسئلے کا حل نہیں اس لیے وفاقی حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتیں ڈائیلاگ کی پالیسی اپنائے اور انا کو ختم کریں، جمہوریت کی بقا کیلیے پیپلز پارٹی پل کا کردار ادا کرنے کیلیے تیار ہے۔

انھوں نے عمران خان اور طاہرالقادری کو مشورہ دیتے ہوئے کہاہے کہ بہتری کی ہر وقت گنجائش ہوتی ہے اس لیے اگر انہیں الیکشن کمیشن اور حلقوں پر خدشات ہے تو انھیں مذاکرات کرنے چاہیے، قبل ازیں سندھ اسمبلی میں جشن آزادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سینئر وزیر نثاراحمد کھوڑو سمیت اراکین سندھ اسمبلی میں موم بتیاں جلا کر جمہوریت کو بچانے کیلیے کردار ادا کرنے والی عوام اور فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ،اس موقع پر آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

علاوہ ازیں یوم آزادی کے موقع پر نکالی جانے والی پاکستان ریلی کے سلسلے میں قائم استقبالیہ کیمپ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل اور نجمی عالم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی تقریر کے بعد اب صورتحال معمول پر آنی چاہیے کیونکہ انھوں نے جو سپریم کورٹ کے ججوں پر مشتمل 3 رکنی کمیشن کا اعلان کیا ہے وہ مناسب ہے اور قومی سیاسی پارٹیوں کا اس پر اتفاق رائے ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت ملکی صورتحال انتہائی گھمبیر اور مخدوش ہے جو چند مہم جو پارٹیوں کی وجہ سے ہے جو ملک میں موجود اصل مسائل سے ہٹ کر نعرے بلند کررہے ہیں، بجائے اس کے کہ وہ عوام کو درپیش مسائل اور ان کا حل پیش کرتے، پہلے سے موجودہ مسائل میں اضافہ کا سبب بن رہے ہیں جس کی وجہ سے ملک اقتصادی وسیاسی طور پر عدم استحکام کا شکار ہورہا ہے،معاشی صورتحال مزید خراب ہورہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔