ایشین گیمز و دورۂ یورپ میں شکیل عباسی کی چھٹی کا خطرہ ٹل گیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 14 اگست 2014
یورپ سے واپسی پر مزید 2 پلیئر زڈراپ ہونگے، چیف سلیکٹر۔  فوٹو: اے ایف پی/فائل

یورپ سے واپسی پر مزید 2 پلیئر زڈراپ ہونگے، چیف سلیکٹر۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

اسلام آباد: ایشین گیمز اور دورئہ یورپ کیلیے قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا گیا، محمد عمران کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے ۔

شفقت رسول ان کے نائب ہونگے، شکیل عباسی بھی سلیکٹرزکا اعتماد برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، ان کی قومی ٹیم سے چھٹی کا خطرہ ٹل گیا، عمران بٹ کے ساتھ دوسرے گول کیپر کیلیے قرعہ امجد علی کے نام نکل آیا، چیف سلیکٹراصلاح الدین صدیقی کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز سے قبل ٹیم یورپ  کے دورے پر جائے گی، کپتان اور نائب کپتان کا اعلان پی ایچ ایف  آفیشلز کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈ یم میں جاری ٹریننگ کیمپ کے تیسرے مرحلے کے اختتام پر بدھ کو  کھلاڑیوں کے ٹرائلز ہوئے جن کی نگرانی سلیکشن کمیٹی  کے چیرمین اصلاح الدین ،خالد بشیر، مصدق حسین اور ٹیم کے ہیڈکوچ و منیجر شہناز شیخ  نے کی، سلیکشن کمیٹی میں شامل دو ارکان ارشد چوہدری اور ایاز اس موقع پر موجود نہیں تھے، بتایا گیا ہے کہ ارشد چوہدری انگلینڈ میں ہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکے جبکہ ایاز کراچی میں ہیں، اس دوران سلیکشن کمیٹی نے ان دونوں سلیکٹرز سے ٹیلی فون پر کھلاڑیوں کی فائنل سلیکشن کے حوالے سے رائے لی۔

ایشین گیمز اور دورئہ یورپ کیلیے 18 رکنی قومی اسکواڈ کے علاوہ 9 اسٹینڈ بائی کھلاڑیوں کا اعلان بھی کیا گیا۔ منتخب ٹیم میں شکیل عباسی اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے جبکہ گول کیپنگ میں عمران بٹ کی مدد کیلیے امجد علی کا انتخاب کیا گیا ہے، اعلان کردہ ٹیم میں  عمران بٹ اور امجد علی(گول کیپرز)، محمد عمران، محمد عرفان، کاشف شاہ، عامر شہزاد، عماد شکیل بٹ (فل بیکس) ،توثیق احمد، فرید احمد، راشد محمود، رضوان جونیئر(ہاف بیکس)، شکیل عباسی، رضوان سینئر، محمد دلبر، شفقت رسول، حسیم خان، عمر بھٹہ اور وقاص شریف (فاروڈز) شامل ہیں۔ چیف سلیکٹر اصلاح الدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 9 اسٹینڈ بائی کھلاڑیوں میں گول کیپر مظہر عباس، فل بیک زاہد اللہ، ہاف بیکس تصور عباس، فیصل قادر،زوہیب، فاروڈز ارسلان عادل، رانا عمیر، رضوان علی اور کاشف علی شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر اصلاح الدین کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ اور کامن ویلتھ گیمز میں عدم شرکت کی وجہ سے قومی ٹیم گذشتہ 10 ماہ سے انٹرنیشنل ہاکی سے باہر ہے اس لیے ٹیم کوایشین گیمزسے قبل یورپ کے دورے پر بھیجا جائیگا، ان کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز کے لیے16 رکنی ٹیم بھیجی جانی ہے اس لیے دورئہ یورپ کے بعد کارکردگی کی بنیاد پر18 پلیئرز میں سے مزید 2 کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا جائیگا، اصلاح الدین کا کہنا تھا کہ ٹرائلز میں 34 کھلاڑی شریک ہوئے جن میں سے 18 بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔