سنسناٹی ماسٹرز ٹینس؛ شراپووا، سیمونا اور ووزینسکی نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 14 اگست 2014
سنسناٹی ماسٹرز ٹینس، رومانیہ کی سیمونا ہالیپ دوسرے راؤنڈ میں کرسٹن فلپکنز کیخلاف گیند ریٹرن کررہی ہیں، سیکنڈ سیڈ پلیئر یہ مقابلہ جیت کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔   فوٹو: اے ایف پی

سنسناٹی ماسٹرز ٹینس، رومانیہ کی سیمونا ہالیپ دوسرے راؤنڈ میں کرسٹن فلپکنز کیخلاف گیند ریٹرن کررہی ہیں، سیکنڈ سیڈ پلیئر یہ مقابلہ جیت کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔ فوٹو: اے ایف پی

سنسناٹی: روسی ساحرہ ماریا شراپووا ، کیرولین ووزینسکی اور سیمونا ہالیپ نے سنسناٹی ماسٹرز ٹینس کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، کرسٹن فلپکنز، ژینگ شوئی اور میڈیسن کیز کا قصہ  دوسرے راؤنڈ میں تمام ہوگیا۔

سارا ایرانی، کرومی نارا اور سویٹلانا کزنٹسووا نے ابتدائی مرحلہ عبور کرلیا، نووک جوکووک نے سیمون جائلز کو پچھاڑ کر سنسناٹی ماسٹرز کے تیسرے راؤنڈ میں قدم رکھ دیے، ورلڈ نمبرون سرب پلیئر کو گذشتہ دنوں ٹورنٹو مینز کپ کے دوسرے مرحلے میں جوئے ولفریڈ سونگا کے ہاتھوں شکست ہوگئی تھی، اسٹینسلس واورنیکا نے جرمن حریف بینجمن بیکر کو زیر کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سنسناٹی ماسٹرز کے ویمنز سنگلز سیکنڈ راؤنڈ میچز میں 2 سیڈ سیمونا ہالیپ نے بیلجین حریف کرسٹن فلپکنز کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور6-2 سے مات دیکر پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

5 سیڈ روسی ساحرہ ماریا شراپووا نے امریکا کی میڈیسن کیز کو 6-1، 3-6 اور6-3 سے قابو کرتے ہوئے راؤنڈ 16 میں قدم رکھ دیے، 12 سیڈ کیرولین ووزینسکی کو چینی کھلاڑی ژانگ شوئی کیخلاف  6-2 اور6-3 سے کامیابی نے اسی مرحلے میں پہنچادیا، اس سے قبل فرسٹ راؤنڈ میچز میں 14 سیڈ سارا ایرانی نے یانیا وکمائر کو 7-5،3-6 اور7-6(7/2) سے جبکہ کرسٹینا میک ہیل نے نکول گبز کو 4-6،6-3 اور6-1 سے زیر کیا، کارلا سواریز نیوارو نے سویٹنا پرنکووا پر 6-3،1-6 اور6-2 سے غلبہ پالیا۔

جاپانی کھلاڑی کرومی نارا نے سوئس حریف رومینا اوپراندی کو 6-0 اور6-2 سے شکار کرلیا، ایکٹرینا ماکارووا نے ڈنیلا ہنچووا کو 6-2 اور6-2 سے زیر کیا،سبائن لیسکی نے روبریٹا ونسی کو 6-3 ،2-6 اور6-2 سے جبکہ سویٹلانا کزنٹسووا نے کمیلا جیورجی کو 6-4،6-7(4/7) اور6-3 سے مات دے دی، سیاہ فام امریکی پلیئر سلون اسٹیفنز نے جرمنی کی آندریا پیٹکووک کو 6-3 اور6-3 سے ہرادیا، جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا نے وینس ولیمز کو 6-7 (2/7) ، 6-3 اور6-4 سے مات دے دی۔دوسری جانب مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ نووک جوکووک نے فرنچ حریف جائلز سیمون کیخلاف 6-3، 4-6 اور6-4 سے فتح کو اپنا مقدر بنالیا۔

تھرڈ سیڈ سوئس پلیئراسٹینسلس واورنیکا نے جرمنی کے بینجمن بیکر کو 6-3 اور7-6(7/5) سے قابو کرلیا، دیگر فرسٹ راؤنڈ میچز میں لٹویا کے ارنسٹ گلبز نے ایوان ڈوڈگ کو 7-6 (8/6) اور 7-6(7/4) سے زیرکرلیا، 14 سیڈ مارن کلک نے ٹورنٹو ایونٹ کے سیمی فائنلسٹ فلکیانو لوپز کو 6-3 اور6-4 سے پسپائی پر مجبورکردیا، برطانوی کوالیفائر جیمز وارڈ نے اسپینش حریف گولیرمو گارشیا لوپز کو 6-2، 3-6 اور 6-1 سے ہرادیا، کینیڈا کے ویساک پوسپیسل نے جمہوریہ چیک کے راڈک اسٹیپنک کو 5-7 ،6-1 اور7-6(7/4) سے شکست دی، وائلڈ کارڈ پلیئر رابی گنیپری نے ڈومنیک تھیم کو 6-3، 5-7 اور7-5 سے قابو کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔