ملزمان ملیر سٹی تھانے میں دستی بم پھینک کر فرار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 15 اگست 2014
جانی نقصان نہیں ہوا، کھڑکی اور دروازوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دیوار کو نقصان۔ فوٹو: فائل

جانی نقصان نہیں ہوا، کھڑکی اور دروازوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دیوار کو نقصان۔ فوٹو: فائل

کراچی: ملیر سٹی تھانے کے عقب میں واقعے ریلوے پٹریوں سے نامعلوم ملزمان جمعرات کی صبح نامعلوم ملزمان ایک دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔

بم ایس ایچ او کے کمرے کے باہر گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ، دھماکے کی آواز سے تھانے میں موجود افسران و اہلکاروں میں خوف کے باعث بھگدڑ مچ گئی ، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ورینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تھانے کو گھیرے میں لینے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا ، ایس ایچ او ملیر سٹی امتیاز نیازی نے ایکسپریس کو بتایا کہ ان کے والدین میانوالی سے آئے ہوئے جس کے باعث وہ بدھ سے 3 دن کی چھٹی پر ہیں،ملیر سٹی ایس ایچ او کا چارج سب انسپکٹر مناف کے پاس ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ملزمان ریلوے پٹری کے دوسرے طرف الفلاح تھانے کی حدود میں موٹر سائیکلیں کھڑی کرکے ریلوے پٹری پار کر کے تھانے کی عقبی دیوار کے پاس آئے اور پن کھینچ کر گرنیڈ پھینک کر فرار ہو گئے، ملیر سٹی تھانے کے سب انسپکٹر جاوید نے بتایا کہ جمعرات کو دن کو تقریباً ساڑھے بارہ بجے تھانے میں بیٹھے ہوئے تھے کہ تھانے کے عقب میں واقع ریل کی پٹریوں کے پاس سے نامعلوم ملزمان تھانے کے اندر گرنیڈ بم پھینک کر فرار ہوگئے جو ایس ایچ او کے کمرے کے سامنے گر کر پھٹ گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں کمرے میں لگی کھڑکیوں اور دروازے کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ دیوار کا پلاستر اکھڑ گیا ، دھماکے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ گرنیڈ دیسی ساختہ اور 200گرام وزنی تھا ، دھماکے سے 4/2انچ کا گڑھا پڑ گیا ، واقعے کے بعد ملیر زون کے تمام تھانوں میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔