دوسرا ٹیسٹ؛ سری لنکا کے 320 رنز کے جواب میں پاکستان کے 6 وکٹوں پر 244 رنز

ویب ڈیسک  جمعـء 15 اگست 2014
سرفرازاحمد نے سری لنکا کے خلاف لگاتار تیسری نصف سنچری اسکور کی۔ فوٹو: اے ایف پی

سرفرازاحمد نے سری لنکا کے خلاف لگاتار تیسری نصف سنچری اسکور کی۔ فوٹو: اے ایف پی

کولمبو: پاکستان اور سری لنکا کے خلاف کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کے دوسرے روز پاکستان نے سری لنکا کے 320 رنز کے جواب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنالئے ہیں۔

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے دن سری لنکا نے اپنے پہلی اننگز 8وکٹوں کے نقصان پر 261 رنز سے آغاز کیا تو دھمیکا پرساد اور رنگنا ہیراتھ کریز پر موجود تھے۔ پرساد اور ہیراتھ زیادہ دیر تک  مزاحمت نہ کرسکے اور سری لنکا کو نواں نقصان 284 رنز پر دھیمکا پرساد کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ ہیراتھ اور چناکا ویلیگیدارا نے آخری وکٹ پر سری لنکا کے اسکور کو 320 تک پہنچایا۔پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بالرجنید خان رہے جنہوں نے 87 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ وہاب ریاض نے 3 جبکہ سعید اجمل اور عبدالرحمان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

سری لنکا کے 320 رنز کے جواب میں پاکستان نے بہتر انداز میں اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا ، خرم منظور اور احمد شہزاد نے 47 رنز کی اوپنگ شراکت قائم کی۔ خرم منظور 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اظہر علی نے احمد شہزاد کے ساتھ مل کر پاکستان کے اسکور کو 110 رنز پر پہنچایا تاہم اظہر علی نے 32 رنز بنائے۔ اظہر علی کے بعد کوئی بھی کھلاڑی  کریز پر زیادہ دیر تک کھڑا نہ رہ سکا۔ ایک وقت میں پاکستان کی آدھی ٹیم 140 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔ احمد شہزاد 58، یونس خان 13 اور مصباح الحق نے 5 رنز بنائے۔ اس موقع پر اسد شفیق اور سرفراز احمد نے 93 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ اسد شفیق 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور 233 رنز پر سرفراز احمد کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اسی دوران سرفراز احمد نے اپنی لگاتار تیسری نصف سنچری اسکور کرلی۔

دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک  پاکستان نے 6وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنالئے ہیں تاہم پاکستان کو اب بھی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لئے 76 رنز درکار ہیں اور اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں، سرفراز احمد 66 اور عبدالرحمان ایک رنز پر کریز پر موجود ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔