پشاور میں موسلا دھار بارش سے مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق، 40 سے زائد زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 15 اگست 2014
دوسری جانب طوفانی بارش سے شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، فوٹو:فائل

دوسری جانب طوفانی بارش سے شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، فوٹو:فائل

پشاور: پشاور میں موسلا دھار بارش کے دوران مختلف حادثات میں تین بچوں سمیت 15 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور میں تیز آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے شہر کے گردونواح میں واقع مختلف کچی آبادیوں میں دیواریں اور چھتیں گر گئیں جس کے نتیجے میں تین بچوں سمیت 15 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں جبکہ مقامی لوگوں نے بھی زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا۔

شہر میں طوفانی بارش سے  بیشتر علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ بجلی کا نظام متاثر ہونے کے باعث متعدد علاقے بھی بجلی سے محروم ہیں جس کے بعد ڈی سی او پشاور نے شہر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے اور جاں بحق افراد کیلئے تین لاکھ فی کس جبکہ زخمیوں کے علاج ومعالجے کے لیے ایک لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان بھی کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔