سندھ میں آج بھی سی این جی کی فراہمی بند رکھنے کا فیصلہ

بزنس رپورٹر  ہفتہ 16 اگست 2014
صوبے بھر میں سی این جی اسٹیشنز میں آج صبح 8 بجے سے اتوار کی صبح 8 بجے تک 24 گھنٹے کیلیے گیس فراہمی معطل رہے گی۔  فوٹو: پی پی آئی/فائل

صوبے بھر میں سی این جی اسٹیشنز میں آج صبح 8 بجے سے اتوار کی صبح 8 بجے تک 24 گھنٹے کیلیے گیس فراہمی معطل رہے گی۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

کراچی: سوئی سدرن کمپنی نے ایک مرتبہ پھر مختلف فیلڈز سے گیس فراہمی میں کمی کو جواز بناتے ہوئے سندھ بھر میں سی این جی کی بندش کے دورانیے میں ایک روز کے اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں ہفتے کو بھی سی این جی اسٹیشنوں کو گیس فراہمی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سوئی سدرن کمپنی نے رواں ہفتے کے دوران سی این جی اسٹیشنوں کو منگل اور جمعرات کے روز گیس فراہمی معطل رکھنے کا اعلان کیا تھا،تاہم اب نئے ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق صوبے بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو ہفتہ کی صبح 8 بجے سے اتوار کی صبح 8 بجے تک 24 گھنٹے کیلیے گیس فراہمی معطل رہے گی، دریں اثنا سندھ کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی آج(جمعہ) کی صبح 8 بجے بحال کردی گئی، سوئی سدرن کمپنی نے صوبے بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو جمعرات کی صبح 8 بجے سے جمعہ کی صبح 8 بجے تک 24 گھنٹے کیلیے گیس فراہمی معطل رکھنے کے احکام جاری کیے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔