کوئی اکیلا ملکی مسائل حل نہیں کرسکتا، قومی حکومت بنائی جائے، چوہدری شجاعت

پرانی دشمنیوں کو ذہن سے نکالنا ہوگا، نواز شریف سے ہاتھ ملانے کو تیار ہوں، اینکر پرسن جاوید چوہدری سے خصوصی گفتگو۔  فوٹو: فائل

پرانی دشمنیوں کو ذہن سے نکالنا ہوگا، نواز شریف سے ہاتھ ملانے کو تیار ہوں، اینکر پرسن جاوید چوہدری سے خصوصی گفتگو۔ فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کے حل کیلیے قومی حکومت بنانی چاہئے جس میں تمام سیاسی جماعتیں شامل ہوں، ہمارے انقلاب کا پہلا مطالبہ وزیراعظم کا استعفیٰ ہے۔

ایکسپریس نیوز کے اینکر پرسن جاوید چوہدری سے خصوصی گفتگو میں انھوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے پیر پر خود کلہاڑی ماری، انھوں نے ایک سال میں ہی حالات کو انتہائی خراب کردیا، اب عوام کا مطالبہ اور دباؤ ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ دیں۔

ہم مارشل لا لگوانا چاہتے ہیں نہ مارشل لا لگے گا، اگر ملک کے مسائل حل کرنا ہیں تو پھر نیک نیتی کے ساتھ سب کو مل کرکام کرنا چاہیے، کوئی ایک سیاسی جماعت، عدلیہ یا آرمی تمام مسائل حل نہیں کرسکتے، ایک قومی حکومت ہی مسائل حل کرسکتی ہے جس میں تمام سیاسی جماعتیں شامل ہوں، اگر مسائل حل کرنے ہیں تو نیک نیتی کے ساتھ بیٹھنا ہوگا، پرانی دشمنیوں کو ذہنوں سے نکالنا ہوگا، ملک اور قوم کے مفاد میں نوازشریف سے ہاتھ ملانے کو تیار ہوں۔

انھوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بچگانہ باتیں کی ہیں میںانکی باتوں کو چیلنج کرتاہوں وہ ایکسپریس نیوز پر تین چار سینئر صحافیوں کے سامنے مناظرہ کرلیں، اس وقت شہباز شریف کی حکومت ہے تمام کاغذات اور بینک ریکارڈ وہ لے سکتے ہیں وہ مجھے بینک ڈیفالٹر ثابت کردیں تو میں ان سے معافی مانگ لوں گا، اس وقت حکومت کوجانا چاہئے۔

مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت اور سینئر مرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی نے عمران خان اور پرامن لانگ مارچ کے شرکا پر ن لیگیوں کی فائرنگ اور پتھراؤ کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو ذمے دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ہدایت کے بغیر یہ سب نہیں ہو سکتا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ یہ کیسے حکمراں ہیں جو خود بدامنی پھیلا رہے ہیں، ایسی حرکتوں سے شریف برادران کی جمہوریت کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے، پرامن سیاسی مخالفین کو گولیوں، اینٹوں، پتھروں اور لاٹھیوں کا نشانہ بنانا کیسی جمہوریت ہے۔

پرویز الٰہی نے انقلاب مارچ میں شامل مسلم لیگی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شریف برادران کو یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ پرامن مارچ کے قائدین اور کارکنوں پر حملے کروا کر وہ لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے اور نہ اپنے ختم ہوتے اقتدار کو طول دے سکتے ہیں، ان کا جانا نوشتہ دیوار ہے۔ این این آئی کے مطابق پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف پہلے استعفیٰ دیں پھر ان سے اگلی بات ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔