چندریگر روڈ پر واقع بینک کی عمارت میں آتشزدگی، سامان اور ریکارڈ خاکستر

اسٹاف رپورٹر  اتوار 17 اگست 2014
3 منزلیں مکمل طور پر جل گئیں، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی،ل اکھوں روپے کا نقصان۔  فوٹو : محمد عظیم / ایکسپریس

3 منزلیں مکمل طور پر جل گئیں، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی،ل اکھوں روپے کا نقصان۔ فوٹو : محمد عظیم / ایکسپریس

کراچی: آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع سمٹ بینک کے ہیڈ آفس میں آتشزدگی سے3 منزلیں مکمل طور پر جل گئیں ۔

فائر بریگیڈ نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیتے ہو ئے شہر بھر کے فائر ٹینڈر طلب کر لیے تھے، عملے نے8 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا ، آتش زدگی کے نتیجے میں بھاری مالیت کا سامان اور اہم ریکارڈ جل گیا، تفصیلات کے مطابق آئی آئی چندریگر روڈ سے متصل ممتاز حسن روڈ پر سمٹ بینک کے ہیڈ آفس کی 11ویں منزل پر ہفتے کی علی الصباح 5 بجکر 10 منٹ پر اچانک پر اسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔

آگ لگنے کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری، فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیاں، ایک اسنارکل اور فلاحی اداروں کی ایمبولینسیں موقع پر پہنچ گئیں، فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی تاہم تیز ہوا کے باعث آگ بے قابو ہو گئی جس پر موقع پر موجود عملے کے انچارج نے آگ کو تیسرا درجہ قرار دیتے ہو ئے شہر بھر سے مزید فائر ٹینڈر، باوزر اور اسنارکل طلب کر لیے جبکہ دیگر اداروں سے بھی گاڑیوں کو موقع پر بلا لیا گیا، حکام کے نوٹس کے بعد 25 فائر ٹینڈر 4 باوزر 2 اسنارکل ایک ریسکیو گاڑی موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی۔

فائر بریگیڈ کے ترجمان نے بتایا کہ تیز ہوا کے باعث آگ پر قابو پانے میں کافی مشکل پیش آرہی تھی کہ اسی دوران آگ نے عمارت کی 12ویں اور 13ویں منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا آگ کے شعلے بلند ہوتے گئے جو دو دور سے دیکھے جا سکتے تھے ، فائر بریگیڈ نے پہلے مرحلے میں پوری عمارت کی تلاشی لینے کے بعد اس بات کی تصدیق کی کہ عمارت میں کوئی شخص موجود نہیں ہے جس کے بعد اپنا آپریشن شروع کردیا ۔

ترجمان نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کے عملے نے 8 گھنٹے کی سخت جدو جہد کے بعد تقریباً دن کو ایک بجے آگ پر قابو پالیا اور مزید 2 گھنٹے کی کارروائی کے بعد کولنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ،ترجمان نے کہا کہ آگ لگنے سے بینک کی 3 منزلیں مکمل طور پر جل گئیں اور اس میں رکھا بھاری مالیت کا سامان جس میں کمپیوٹر، فرنیچر اور دیگر قیمتی سامان جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ اہم ریکارڈ بھی جل گیا، ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے اور نقصان کا حتمی تخمینہ نہیں لگایا جاسکا ہے، پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔