پولیس کی کارروائیوں میں 76 ملزمان گرفتار، اسلحہ و مسروقہ گاڑیاں برآمد

اسٹاف رپورٹر  پير 18 اگست 2014
منظورعلی چھینی ہوئی کار میں سفر کررہا تھا، نشاندہی پر پولیس نے شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود سے چھینی گئیں مزید 4 گاڑیاں برآمد کرلیں۔  فوٹو: فائل

منظورعلی چھینی ہوئی کار میں سفر کررہا تھا، نشاندہی پر پولیس نے شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود سے چھینی گئیں مزید 4 گاڑیاں برآمد کرلیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے سابق رینجرز اہلکار سمیت 76 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ گاڑیاں برآمد کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق فریئر پولیس نے ریسٹ روڈ حسن اسپتال کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران ملزم غلام عباس ولد پیر خان کوگرفتارکر کے ایک ٹی ٹی پستول اور 5 گولیاں برآمد کرلیں،گرفتار ملزم نجی سیکیورٹی کمپنی کا گارڈ اور سابقہ رینجرز اہلکار ہے، پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے  تفتیش شروع کردی۔

صدر پولیس نے دوران چیکنگ ملزم منظور علی ولد محمد بچل کو گرفتار کر کے اسلحہ اور حیدری تھانے کی حدود سے چھنی ہوئی کار ACW-785 برآمد کر لی ، دوران تفتیش ملزم کی نشاندہی پر عزیز بھٹی اور شاہراہ نور جہاں  تھانے کی حدود سے چھینی گئیں 4 مزید گاڑیاں برآمدکی گئیں۔

بریگیڈ پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران محمد سلیمان ولد  محمد مظہر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے  مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی جو ناظم آباد سے چھینی گئی تھی، خواجہ اجمیر نگری پولیس نے 3 ملزمان  محمد ابراہیم ، مقدر اور عبدالرحیم کو گرفتار کرکے 2 ٹی ٹی پستول اور منشیات برآمد کرلی، پولیس کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 79 چھاپوں، 2 پولیس مقابلوں کے نتیجے میں 76 ملزمان کو گرفتار کر کے 15 پستول ، 2 دستی بم اور منشیات برآمد کرلی، گرفتار ملزمان میں ایک دہشت گرد، ڈکیت، منشیات فروش اور مفرور ملزمان شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔