فٹبال سیریز؛ اعصاب شکن معرکے میں پاکستان کو مات

اسپورٹس رپورٹر  پير 18 اگست 2014
قومی کپتان کلیم بدھ کو دوسرا میچ جیت کر دو میچز کی سیریز برابر کرنے کیلیے پراعتماد۔  فوٹو: فائل

قومی کپتان کلیم بدھ کو دوسرا میچ جیت کر دو میچز کی سیریز برابر کرنے کیلیے پراعتماد۔ فوٹو: فائل

لاہور: اعصاب شکن معرکے میں بھارتی فٹبال ٹیم نے پاکستان کو 1-0 سے شکست دیدی، فیصلہ کن گول روبن سنگھ نے پہلا ہاف ختم ہونے سے چند لمحے قبل کیا، دونوں ٹیموں نے کئی سنہری مواقع ضائع کیے۔

میچ کے دوران کھلاڑیوں کے مابین گرما گرمی کے مناظر بھی دیکھے گئے،تلخ جملوں کا تبادلہ بھی جاری رہا، گرین شرٹس کے کپتان کلیم اللہ بدھ 20 اگست کو شیڈول دوسرا مقابلہ جیت کر سیریز برابر کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کی فٹبال ٹیموں کے درمیان 9 سال قبل ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پرسیریز طے پائی تھی، 2005ء میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کا دورئہ کیا اور میزبان سائیڈ کیخلاف 3 میچوں کی سیریز میں حصہ لیا۔

ایک میچ میں پاکستان جبکہ دوسرے میں بھارتی ٹیم کو کامیابی ملی، تیسرا مقابلہ برابری کی سطح پر ختم ہوا تاہم بہتر گول اوسط کی بنیاد پر پہلا مرحلہ پاکستانی ٹیم کے نام رہا۔ بعد ازاں دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات کشیدہ رہنے کی وجہ سے پاکستانی ٹیم بھارت کا جوابی دورئہ نہ کر سکی، 9 سال کے طویل عرصہ کے بعد دونوں ٹیموں کا گزشتہ روز بنگلور فٹبال سٹیڈیم میں آمنا سامنا ہوا جس میں سخت مقابلے کے بعد فتح بھارتی ٹیم کا مقدر بنی۔

میچ کے آغاز میں پاکستانی ٹیم نے نہایت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور میزبان سائیڈز پر وقفے وقفے سے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا لیکن فارورڈز ان مواقعوں سے فائدہ  اٹھا کر گیند کو جال کا راستہ دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے،اس دوران بھارت کا ایک جوابی حملہ بھی خاصا خطرناک تھا، بھارتی مڈ فیلڈر پرونوئے ہیلڈر کیلیے میدان صاف نظر آرہا تھا لیکن گول کیپر مزمل حسین سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے، ابتدائی 20 منٹ تک میچ پر گرفت مضبوط رکھنے کے بعد پاکستانی ٹیم کی مووز میں پہلے جیسی تیزی نہ رہی جس کا بھر پور فائدہ بھارتی ٹیم نے اٹھایا اور اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے پاکستانی گول پوسٹ پر پے درپے حملوں کا سلسلوں شروع کر دیا تاہم مہمان ٹیم کے دفاعی کھلاڑی انھیں ناکام بناتے رہے۔

اس دوران کم از کم 3 مواقع ضائع ہوئے، پہلا ہاف ختم ہونے سے ایک منٹ قبل بھارتی ٹیم نے نہایت عمدہ موو بنائی اور فارورڈزگیند کو ایک بار پھر پاکستانی ڈی کے اندر لے جانے میں کامیاب ہو گئے جس پر ملنے والا کارنر کار آمد بناتے ہوئے روبن سنگھ نے ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال میں پھینک دیا۔دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی پاکستانی کپتان کلیم اللہ کو گول کرنے کا سنہری موقع میسر آیا لیکن وہ گیند کو جال میں پھینکنے میں کامیاب نہ ہو سکے، ان کا ہیڈر گول کیپر امریندر سنگھ نے روک لیا۔

میچ کے 70ویں منٹ میں امپائر نے بھارتی روبن سنگھ کوریڈ کارڈ دکھا کر گرائونڈ سے باہر بھیج دیا جس کے بعد میزبان سائیڈ کے گرائونڈ میں کھلاڑیوں کی تعداد 10 رہ گئی،اسٹرائیکر فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے میدان سے باہر گئے۔ میزبان ٹیم کی قوت کمزور پڑنے پر پاکستان کے پاس میچ برابر کرنے کا سنہری موقع تھا جس سے وہ فائدہ نہ اٹھا سکی جبکہ بھارت نے ایک کھلاڑی کی کمی کے باوجود گیم پر اپنی گرفت مضبوط رکھی، میچ کے دوران کھلاڑیوں کے مابین گرما گرمی کے مناظر بھی دیکھے گئے،تلخ جملوں کا تبادلہ بھی جاری رہا، پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 2 میچوں کی سیریز کا آخری میچ 20 اگست کو کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان فٹبال ٹیم کے کپتان کلیم اللہ روایتی حریف کے خلاف سیریز 1-1 سے برابر کرنے کیلیے پرعزم ہیں، ان کا کہنا ہے کہ میچ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، تمام کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن بدقسمتی سے اچھا کھیلنے کے باوجود فتح اپنے نام نہ کر سکے، انھوں نے کہا کہ پہلے مقابلے میں غلطیوں سے سبق سیکھ کر بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور دوسرا میچ اپنے نام کر کے سیریز برابر کر دیں گے، سنسنی خیز مقابلے کے دوران کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند رکھنے کیلیے اسٹیڈیم تماشائیوں سے کچھا کچھ بھرا رہا۔یاد رہے کہ پاکستان 208 ملکوں کی عالمی فٹبال رینکنگ میں اس وقت 164ویں جبکہ بھارت 150ویں نمبر پر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔