سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی

ویب ڈیسک  پير 18 اگست 2014
رنگنا ہیراتھ ایک بار پھر پاکستان کے لئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے اور 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فوٹو؛ اے ایف پی

رنگنا ہیراتھ ایک بار پھر پاکستان کے لئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے اور 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فوٹو؛ اے ایف پی

کولمبو: سری لنکا نے پاکستان کو 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں 105 رنز سے شکست دے نہ صرف کلین سویپ کیا بلکہ اپنا الوادعی ٹیسٹ کھیلنے والے مہیلا جے وردنے کو بھی یاد گار تحفہ دیا ہے۔

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلے جا رہے میچ کے پانچویں روز پاکستان کو آئی لینڈرز کے 271 رنز کے تعاقب میں مزید 144 رنز درکار تھے جب کہ  وکٹ پر  سرفراز احمد اور  وہاب ریاض موجود تھے۔ پاکستانی بلے باز  اپنے گزشتہ روز  کے اسکور میں صرف 38 رنز کا اضافہ کر سکے اور 165 رنز پر 9 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے جب کہ جنید خان زخمی ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کے لئے میدان میں نہ آ سکے اور مصباح الیون کو لیکن ٹائیگرز کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میں 105 رنز کی شکست کا مزا چکھنا پڑا۔ پاکستان کی جانب سے ایک بار پھر صرف سرفراز احمد ہی آئی لینڈرز کے سامنے تھوڑی مزاحمت کا سامنا کر سکے اور 55 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ رنگنا ہیراتھ ایک بار پھر پاکستان کے لئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے اور 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سری لنکا سے عبرت ناک شکست کے بعد پاکستان آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن سے چھٹی پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔

سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دے کر اپنا الوداعی ٹیسٹ کھیلنے والے مہیلا جے وردنے کو بھی یادگار تحفہ دیا اور  سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کرنے کے بعد تمام کھلاڑیوں نے مہیلا جے وردنے کو کندھوں پر بٹھا کر  پورے گراؤنڈ کا چکر لگوایا۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھی پاکستان کو  7 وکٹ سے شکست دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔