بھارت نے پاکستان کےساتھ سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات ختم کردیئے

ویب ڈیسک  پير 18 اگست 2014
دونوں ممالک کے سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات 25 اگست کو اسلام آباد میں شروع ہونے تھے

دونوں ممالک کے سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات 25 اگست کو اسلام آباد میں شروع ہونے تھے

نئی دہلی: پاکستانی ہائی کمشنر کی کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کے بعد ردعمل کے طور پر بھارت نے 25 اگست کو پاکستان کے ساتھ  سیکریٹری سطح پر ہونے والے مزاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اکبرالدین نے کہا کہ 25 اگست سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہونے والے مذاکرات اب منسوخ کر دییے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر کی حریت پسند رہنماؤں سے ملاقات سے کئی سوالات اٹھتے ہیں اور اس سے بھارت کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کا اشارہ ملتا ہے۔

بھارتی ترجمان کا کہنا تھا  وزیرِ خارجہ سجاتا سنگھ نے بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو  واضح الفاظ میں کہا تھا  کہ پاکستان کی بھارت کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کشمیری رہنماؤں سے آج ملاقات کی جس پر بھارتی حکومت نے نہ صرف  ناراضگی کا اظہارکیا بلکہ 25 اگست کو ہونے والے پاک بھارت سکیریٹری سطح کے مذاکرات کو ختم کردیئے جب کہ کانگریس نے بھی بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ  بناتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پاکستانی ہائی کمشنر کو کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت کیوں دی۔

دوسری جانب کشمیری رہنما شبیر شاہ نے کہا کہ دوطرفہ مذاکرات سے کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا جب تک کہ کشمیری عوام کو اس کا حصہ نہ بنایا جائے کیونکہ ماضی میں بھی اس طرح کے مذاکرات ناکامی کا شکار ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر کی کشمیری رہنماؤں سے ملاقات میں کیا بات غلط ہے،پاکستان اور بھارت کے ساتھ کشمیری بھی مذاکرات کا اہم حصہ ہیں اس لیے ایک پارٹی کا دوسری پارٹی سے ملاقات میں کوئی مضائقہ نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔