عام انتخابات میں الیکشن کمیشن نے نادرا کی مسترد کردہ سیاہی استعمال کی، ڈی جی نادرا

ویب ڈیسک  پير 18 اگست 2014
ناقص سیاہی  کے استعمال کے باعث ہی لاہورکے حلقہ پی پی 147 میں بھی ووٹوں کی تصدیق ممکن نہیں ہو پارہی، ڈی جی نادرا، فوٹو:فائل

ناقص سیاہی کے استعمال کے باعث ہی لاہورکے حلقہ پی پی 147 میں بھی ووٹوں کی تصدیق ممکن نہیں ہو پارہی، ڈی جی نادرا، فوٹو:فائل

لاہور: ڈائریکٹر جنرل نادرا سید مظفر علی نے انکشاف کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں نادرا کی جانب سے مسترد کی گئی سیاہی کا استعمال کیا جس کے باعث ووٹوں کی تصدیق ممکن نہیں ہورہی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے حلقہ پی پی 147 میں امیدوار شعیب صدیقی نے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدوار محسن عتیق کے خلاف دھاندلی کے الزمات کی درخواست الیکشن ٹریبونل میں جمع کرائی تھی جس پر ٹریبونل کے جج کاظم علی نے آج ڈائریکٹر جنرل نادرا کو حلقے میں ووٹوں کی تصیدق سے متعلق بیان داخل کرانے کے لیے طلب کیا۔ ڈی جی نادرا نے اپنے بیان میں یہ انکشاف کیا کہ عام انتخابات میں نادرا کی تجویز کردہ سیاہی استعمال نہیں کی گئی بلکہ الیکشن کمیشن نے نادرا کی جانب سے مسترد کی گئی ناقص سیاہی کا استعمال کیا جس کے باعث پی پی 147 سمیت متعدد حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق ممکن نہیں ہو پارہی۔

ڈی جی نادرا نے ٹریبونل کے آگے اپنا تحریری بیان قلمبند کرایا جس میں انہوں نے بتایا کہ لاہور کے حلقہ پی پی 147 میں بھی ناقص سیاہی کے استعمال کے باعث ہزارون ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوسکتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔