40 بہاریں دیکھتے ہی فارم مصباح الحق سے روٹھ گئی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 19 اگست 2014
سرفراز 265 رنز کے ساتھ سب سے آگے، بولنگ میں جنید اور سعید کی 9،9 وکٹیں۔  فوٹو: فائل

سرفراز 265 رنز کے ساتھ سب سے آگے، بولنگ میں جنید اور سعید کی 9،9 وکٹیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: 40 بہاریں دیکھتے ہی  فارم مصباح الحق سے روٹھ گئی، پاکستانی کپتان سری لنکا سے سیریز میں ایک نصف سنچری بھی نہ بنا سکے۔

4 اننگز میں 67 رنز ہی نام پر درج ہو سکے، سرفراز احمد 265 رنز کے ساتھ سب سے آگے رہے، یونس خان اور اسد شفیق ایک، ایک قابل ذکر اننگزہی کھیل پائے، اظہر علی، احمد شہزاد اور خرم منظور بدترین ناکامی کا شکار ہوئے۔ بولرز میں سعید اجمل اور جنید خان نے 9،9 وکٹیں لیں، عبدالرحمان نے 68.25 کی اوسط سے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق  بڑھتی عمر کے اثرات مصباح الحق کی بیٹنگ پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، سری لنکا سے سیریز کی چار اننگز میں وہ16.75 کی اوسط سے67 رنز ہی بنا سکے، 31 ان کا سب سے بڑا اسکور رہا۔

اوپنر خرم منظور نے کسی ٹیل اینڈر سے بھی بدتر 9.75 کی ایوریج سے39 رنز جوڑے، ساتھی احمد شہزاد بھی پیچھے نہ رہے اور ایک ففٹی کی مدد سے86 رنز ہی بنا پائے، اظہر علی کے 113 رنز میں 41 سب سے بڑا اسکور رہا، اسد شفیق نے 75 کی ایک اننگز کے سوا مایوس کیا اور 157 رنز بنائے۔ یونس خان نے گال میں 177 کی شاندار اننگز ضرور کھیلی مگر مجموعی طور پر 211 رنز ہی اسکور کر سکے، ان کی اوسط 52.75 رہی۔ سب سے کامیاب بیٹسمین سرفراز احمد نے88.33 کی ایوریج سے 265 رنز جوڑے، اس میں ایک سنچری اور تین ففٹیز شامل رہیں۔

بولنگ میں جنید خان نے27.33 کی اوسط سے 9 وکٹیں لیں، سعید اجمل نے اتنے ہی پلیئرز کو 40.11 کی اوسط سے ٹھکانے لگایا، وہاب ریاض نے واحد میچ میں 6 وکٹیں حاصل کیں، عبدالرحمان نے68.25 کی بدترین ایوریج سے 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔