ایران امریکا جنگ کے اثرات سنگین، 27 ممالک نے عالمی بینک سے مدد مانگ لی

ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے سے عالمی معیشت پر دباؤ میں اضافہ ہوا ہے


ویب ڈیسک May 24, 2026

ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث دنیا کے کئی ممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے، جس کے بعد 27 ممالک نے مالی مدد کے لیے عالمی بینک سے رجوع کرلیا ہے۔

برطانوی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ 27 ممالک ان 101 ممالک میں شامل ہیں جنہیں عالمی بینک کے ہنگامی مالیاتی نظام یا ایمرجنسی فنانسنگ پروگرام تک کسی نہ کسی صورت میں رسائی حاصل ہے۔ ان ممالک نے موجودہ عالمی معاشی دباؤ، تیل کی بڑھتی قیمتوں اور تجارتی بحران کے باعث مالی معاونت کی درخواست کی ہے۔

رپورٹ میں ان ممالک کے نام ظاہر نہیں کیے گئے جبکہ یہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ عالمی بینک سے مجموعی طور پر کتنی رقم طلب کی گئی ہے۔ دوسری جانب عالمی بینک نے اس رپورٹ پر فوری تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

اجے بنگا نے گزشتہ ماہ اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ عالمی معاشی بحران اور غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عالمی بینک مختلف ممالک کو 20 سے 25 ارب ڈالر تک کی فنانسنگ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے سے عالمی معیشت پر دباؤ میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، تجارتی رکاوٹیں اور سرمایہ کاری میں کمی کئی ترقی پذیر ممالک کے لیے بڑے چیلنج بن چکے ہیں۔