سیالکوٹ کے تھانہ سبز پیر کے علاقے میں نجی اسپتال سے 18 سالہ نرس کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت سعدیہ دختر بشیر کے نام سے ہوئی ہے جو چارواہ کی رہائشی اور نجی حمزہ سعید اسپتال میں بطور نرس ملازم تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے چہرے پر 12 بور گن کے فائر کا نشان موجود ہے جبکہ لاش کے قریب سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی گارڈ نے بیان دیا ہے کہ وہ اپنی گن کمرے میں رکھ کر کچھ دیر کے لیے باہر گیا تھا اور واپس آنے پر نرس سعدیہ نے مبینہ طور پر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا۔
پولیس نے لاش اور واردات میں استعمال ہونے والی رائفل کو تحویل میں لے کر کارروائی شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق معاملہ خودکشی نہیں بلکہ قتل معلوم ہوتا ہے جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔