ترنڈہ محمد پناہ میں سی سی ڈی اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ سی سی ڈی کا ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق سی سی ڈی ملتان نے امین بوکا گینگ کی گرفتاری کے لیے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا، تاہم ٹیم کو دیکھتے ہی گینگ کے کارندوں نے سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد گروہ کا سرغنہ امین بوکا اور اس کا ایک ساتھی مارا گیا۔
پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران سی سی ڈی کا ایک اہلکار شدید زخمی ہوا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ سی سی ڈی کا ایک امدادی رضاکار بھی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہو گیا۔
حکام کے مطابق امین بوکا ڈکیتی، گاڑی چھیننے، ہاؤس رابری اور دیگر وارداتوں سمیت 50 سے زائد مقدمات میں اشتہاری تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کے دیگر کارندوں کے ساتھ مقابلہ تاحال جاری ہے جبکہ سی سی ڈی کے افسران اضافی نفری کے ہمراہ موقع پر روانہ ہو چکے ہیں۔