کراچی میں ٹرام چلانے کا فیصلہ، سڑکیں پیدل چلنے والوں کیلئے مخصوص کی جائیں گی

سید اشرف علی  جمعرات 21 اگست 2014
ایمپریس مارکیٹ کی تزئین سڑکوں وچوراہوں کی مرمت اور مخصوص علاقوں میں چنگ چی رکشے چلانے پر پابندی ہوگی، کمشنر شعیب صدیقی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

ایمپریس مارکیٹ کی تزئین سڑکوں وچوراہوں کی مرمت اور مخصوص علاقوں میں چنگ چی رکشے چلانے پر پابندی ہوگی، کمشنر شعیب صدیقی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: صدر کی مخصوص سڑکوں کو وہیکل فری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایمپریس مارکیٹ کے اطراف کی سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بند کرکے پیدل چلنے والوں کیلیے مخصوص کیا جائے گا.

صدر میں ٹرام وے چلائی جائیں گی، ٹرام وے منصوبہ 2 سال میں مکمل ہوگا جس کی تیاری کے لئے مشیر کا تقرر کردیا گیا ہے۔ درمیانی مدت میں شٹل بس سروس شروع کی جائے گی،منصوبے کی نگرانی کیلیے ویجلنس کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی ، بلدیہ عظمیٰ، اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ منصوبہ بندی سے 4 ماہ قبل صدر کو تجاوزات سے پاک کرکے پبلک ٹرانسپورٹ کی ری روٹنگ کی گئی تھی تاہم منصوبہ ناکام ہورہا ہے صدر بھر میں 2 ہفتے کے دوران تجاوزات دوبارہ قائم ہوگئیں اور پبلک ٹرانسپورٹ نے نئے روٹس کی خلاف ورزی شروع کردی۔

کمشنر نے ایمپریس مارکیٹ کے احیا کیلیے دوبارہ اس منصوبے پر عمل کی ہدایت کی ہے اس ضمن میں ویجلنس کمیٹی بنائی گئی ہے ، کمیٹی میں ایس ایس سائوتھ، ایس ایس پی ٹریفک، سیکریٹری آرٹی اے، ڈائریکٹر انسداد تجاوزات، نمائندہ کنٹونمنٹ بورڈ شامل ہیں،کمیٹی نے پہلے مرحلے میں صدر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی ری روٹنگ منصوبے پر عمل کراکر تجاوزات کے خاتمے کیلیے کارروائی شروع کی ہے، کمیٹی پبلک ٹرانسپورٹ کی جانب سے ری روٹنگ کی خلاف ورزی اور تجاوزات کا قیام روکے گی۔

منصوبے کے دوسرے مرحلے میں ایمپریس مارکیٹ کے اطراف سڑکوں میں پیدل چلنے والوں کیلیے زونز بنائے جائیں گے، مینزفیلڈ اسٹریٹ، پریڈی اسٹریٹ، مبارک شہید روڈ، میر کرم علی تالپور روڈ اور دیگر سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت ممنوع ہوگی، گاڑیوں کی پارکنگ کیلیے صدر پارکنگ پلازہ کا استعمال یقینی بنایا جائے گا، منصوبے پر 6 ماہ سے ایک سال میں عملدرآمدکیا جائے گا، پیدل چلنے والوں کی آسانی کے لیے عارضی شٹل بس سروس شروع کی جائیگی، طویل منصوبہ بندی کے تحت ٹرام وے چلائی جائیں گی جس پر 2 سال میں عمل ہوگا۔

کمشنر شعیب صدیقی نے بتایا کہ صدر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی ری روٹنگ ہوچکی ہے تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے، ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے علاقے کو پیدل چلنے والوں کا زونز بناکر ٹرام وے چلانے کیلیے کنسلٹنٹ کمپنی کا تقرر کیا گیا ہے ، جو اگلے ہفتے رپورٹ پیش کردے گی،منصوبے کو ایمپریس مارکیٹ اور قرب وجوار کے احیا کا نام دیا گیا ہے،ایمپریس مارکیٹ کی تاریخی عمارات کی تزئین اور مرمت بھی کی جائیگی اور صدر کی سڑکوں اور چوراہوں کی مرمت کی جائے گی انھوں نے بتایا کہ صدر کے مخصوص علاقوں میں چنگ چی رکشے چلانے پر پابندی ہوگی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔