چین کا شہر چونگ چِنگ اپنے منفرد جغرافیے اور پیچیدہ انفراسٹرکچر کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ یہاں دنیا کا سب سے گہرا سب وے اسٹیشن موجود ہے، یہاں ایک معلق ٹرین لائن رہائشی عمارتوں کے عین درمیان سے گزرتی ہے اور اب یہ شہر دنیا کے طویل ترین آؤٹ ڈور ایسکلیٹر سسٹم کا بھی گھر بن گیا ہے۔
ووشن گاڈیس ایسکیلیٹر کے نچلے حصے اور بالائی حصے کے درمیان تقریباً 242 میٹر کی بلندی کا فرق ہے، جو تقریباً 80 منزلہ عمارت کی اونچائی کے برابر بنتا ہے۔ تاہم، یہ کھلا ایسکلیٹر سسٹم 905 میٹر تک پھیلا ہوا ہے۔
یہ سسٹم 21 انفرادی ایسکلیٹرز، آٹھ لفٹس، چار موونگ واک ویز اور متعدد پیڈسٹرین برجز شامل ہیں اور ان سب سے گزرنے میں 21 منٹ کا عرصہ لگتا ہے۔
یہ ایسکیلیٹر 17 فروری سے آزمائشی بنیادوں پر باقاعدہ کرایے کے ساتھ چلایا جا رہا ہے۔ اس پر سفر کے لیے ہر مسافر سے 3 یوان وصول کیے جا رہے ہیں۔ اس آزمائشی مدت کے اختتام پر مقامی حکام فیصلہ کریں گے کہ یہی فلیٹ کرایہ برقرار رکھا جائے یا اس میں تبدیلی کی جائے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ یہ جدید ایسکلیٹر نظام چونگ چِنگ کے شہریوں کے سفر کو نہ صرف زیادہ تیز اور مؤثر بنائے گا بلکہ انہیں زیادہ آرام دہ سفری سہولت بھی فراہم کرے گا۔