امریکا سے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستان کے ذریعے مذاکرات جاری ہیں، ایران

اب تک دونوں فریق کسی حتمی مسودے پر متفق نہیں ہو سکے، تاہم مذاکراتی عمل جاری ہے، امیر سعید ایروانی


ویب ڈیسک June 09, 2026

نیویارک: اقوامِ متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستان کے ذریعے سفارتی رابطے اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان سے متعلق اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے بتایا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان خیالات اور تجاویز کے تبادلے کا عمل بدستور جاری ہے۔

امیر سعید ایروانی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک پاکستان کی ثالثی کے ذریعے مختلف نکات پر اپنی آرا اور تجاویز کا تبادلہ کر رہے ہیں تاکہ ایک متفقہ اور قابلِ قبول معاہدے تک پہنچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ اب تک دونوں فریق کسی حتمی مسودے پر متفق نہیں ہو سکے، تاہم مذاکراتی عمل جاری ہے اور پیش رفت کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ موجودہ سفارتی رابطوں کا مقصد اختلافی معاملات کو حل کرنا اور ایک ایسا فریم ورک تیار کرنا ہے جو دونوں ممالک کے لیے قابلِ قبول ہو۔ ان کے مطابق پاکستان اس عمل میں رابطے کے ایک اہم ذریعے کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی کوششیں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور وسیع تر سیاسی استحکام کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہیں، جبکہ پاکستان کی ثالثی کو بھی بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل ہو رہی ہے۔