طلاق کے باوجود ’سنگل مدر‘ نہیں، ایشا دیول نے وضاحت کر دی

اداکارہ نے تقریباً 12 برس ازدواجی زندگی گزارنے کے بعد 2024 میں شوہر سے علیحدگی اختیار کی تھی


ویب ڈیسک June 09, 2026

بالی ووڈ اداکارہ ایشا دیول نے سابق شوہر بھرت تختانی سے علیحدگی کے بعد خود کو ’’سنگل مدر‘‘ کہے جانے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے موجودہ تعلق اور بچوں کی مشترکہ پرورش سے متعلق کھل کر بات کی ہے۔

44 سالہ اداکارہ اور بھرت تختانی نے تقریباً 12 برس ازدواجی زندگی گزارنے کے بعد 2024 میں علیحدگی اختیار کی تھی۔ دونوں کی دو بیٹیاں، رادھیا اور میرایا ہیں۔ طلاق کے بعد متعدد افراد نے ایشا دیول کو ’’سنگل مدر‘‘ کہنا شروع کر دیا، تاہم اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ خود کو اس تناظر میں نہیں دیکھتیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں ایشا دیول نے کہا کہ اگرچہ وہ اس وقت اکیلی ہیں، لیکن خود کو سنگل مدر نہیں سمجھتیں۔ ان کے مطابق وہ اور بھرت تختانی اپنی بیٹیوں کی پرورش کے معاملے میں آج بھی ایک ٹیم کی طرح کام کر رہے ہیں اور والدین کی ذمے داریاں مشترکہ طور پر نبھا رہے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ انہیں خود کو سنگل مدر کہنا پسند نہیں کیونکہ وہ اپنی زندگی کو اس انداز میں نہیں دیکھتیں اور نہ ہی دوسرے فریق کو ایسا رویہ اختیار کرنے دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بچوں کا معاملہ ہو تو طلاق کے بعد بھی والدین کی ذمے داریاں ختم نہیں ہوتیں بلکہ ان کی نوعیت تبدیل ہو جاتی ہے۔

ایشا دیول کے مطابق دو بالغ اور سمجھدار افراد کو چاہیے کہ وہ علیحدگی کے باوجود بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے باہمی تعاون اور ہم آہنگی برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور بھرت تختانی اسی اصول پر عمل کر رہے ہیں اور اپنی بیٹیوں کی خوشی اور تربیت کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایشا دیول بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار دھرمیندر اور اداکارہ ہیما مالنی کی صاحبزادی ہیں۔ انہوں نے 2012 میں بھرت تختانی سے شادی کی تھی، جبکہ 2024 میں دونوں نے باہمی رضامندی سے اپنی راہیں جدا کر لی تھیں۔ طلاق کے بعد بھی دونوں کے خوشگوار تعلقات اور مشترکہ والدین کے کردار کو مداحوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔