فیفا ورلڈکپ 2026 بھی سیاست سے پاک نہ رہ سکا، ایرانی شائقین کے لیے مختص ٹکٹس واپس لے لیے گئے۔
ایران فٹبال فیڈریشن نے دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈکپ 2026 کے آغاز سے چند روز قبل اس کے حصے کے ٹکٹ واپس لے لیے گئے ہیں، جس کے باعث وہ ایرانی شائقین جو پہلے ہی سفر اور دیگر انتظامات مکمل کر چکے تھے، اب اپنی ٹیم کے میچز دیکھنے سے محروم ہو سکتے ہیں۔
فیڈریشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایران کے میچز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا عمل شروع کیا جا چکا تھا تاہم اچانک یہ مختص ٹکٹ دستیاب نہ رہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ متعدد مداح سرکاری طریقہ کار پر اعتماد کرتے ہوئے سفری منصوبے بنا چکے تھے، اس لیے یہ فیصلہ ان کے لیے شدید مایوسی کا باعث بنا ہے۔
ایرانی فٹبال فیڈریشن نے اس اقدام کو بین الاقوامی کھیلوں کے اصولوں اور شریک ممالک کے درمیان مساوات کے منافی قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ ٹورنامنٹ کی تنظیم میں سیاسی عوامل اثر انداز ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے قواعد کے تحت ہر شریک ملک کو اپنے ہر میچ کے لیے تقریباً 8 فیصد ٹکٹ ملتے ہیں جنہیں وہ اپنی موضی کے مطابق شائقین میں تقسیم کرتا ہے۔
فیڈریشن نے یہ واضح نہیں کیا کہ ٹکٹ روکنے کا فیصلہ کس نے کیا تاہم فیفا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیر جانبداری، انصاف اور ضابطوں کی پاسداری کو یقینی بنائے۔
دوسری جانب فیفا کے سیکریٹری جنرل میتھیاس گرافسٹروم نے ایران فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج سے ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیفا ٹیم اور وفد کے لیے بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔