سوئٹزرلینڈ میں چارلی چپلن کے ہم شکل افراد کا اجتماع، عالمی ریکارڈ نہ بن سکا

شرکاء نے چارلی چپلن کے مشہور کردار "دی ٹرامپ" کے انداز میں سیاہ ہیٹ اور کوٹ پہن کر تقریب میں شرکت کی


ویب ڈیسک June 09, 2026

سوئٹزرلینڈ: مغربی سوئٹزرلینڈ میں اتوار کے روز معروف کامیڈین چارلی چپلن کے ہم شکل افراد کی بڑی تعداد ایک منفرد تقریب میں شریک ہوئی۔

یہ تقریب چیپلنز ورلڈ میوزیم میں منعقد ہوئی جو چارلی چیپلن کی سابقہ رہائش گاہ پر قائم ہے اور اس کے قیام کے 10 سال مکمل ہونے کی خوشی میں سجائی گئی تھی۔ تقریب میں 429 افراد نے شرکت کی، جنہوں نے چپلن کے مشہور کردار "دی ٹرامپ" کے انداز میں سیاہ ہیٹ، مونچھیں، کوٹ اور چھڑی تھام رکھی تھی۔

منتظمین کو امید تھی کہ وہ چپلن کے ہم شکل افراد کے سب سے بڑے اجتماع کا عالمی ریکارڈ قائم کریں گے تاہم یہ تعداد 2017 میں اسی مقام پر قائم 662 افراد کے ریکارڈ سے کم رہی۔ اس کے باوجود تقریب کا ماحول خوشگوار اور پرجوش رہا۔

شرکاء نے میوزیم کے سبزہ زار پر جمع ہو کر 10 کا ہندسہ بنایا جو میوزیم کی دسویں سالگرہ کی علامت تھا۔ واضح رہے کہ چارلی چیپلن نے اپنی زندگی کے آخری 25 سال مانوئر ڈی بان میں گزارے جہاں وہ اپنی اہلیہ اونا اور بچوں کے ساتھ 1977 تک مقیم رہے۔

چارلی چپلن کی زندگی پر ایک نظر:

بغیر کوئی لفظ بولے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے چارلی چپلن 16 اپریل 1889 میں پیدا ہوئے تھے۔ انگلینڈ کے غریب گھرانے میں آنکھ کھولنے والے چارلی چپلن کا کام ہمیشہ لوگوں کو خوش کرنا رہا۔

انہوں نے 14 سال کی عمر سے اسٹیج ایکٹر کے طور پر کام شروع کیا جب کہ سرکس میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ تاہم 15 سال کی عمر میں امریکا منتقل ہونے کے بعد چارلی چپلن کی قسمت بدل گئی۔

ٹیلی ویژن پر ان کی کامیڈی نے مزاح کو ایک عروج بخشا، بنا بولے صرف اپنی حرکتوں، چہرے کے اتارچڑھاؤ اور تاثرات سے مزاحیہ اداکاری کرکے انہوں نے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنالی۔ صرف 19 سال کی عمر میں چارلی چپلن دنیا کے معروف ترین چہروں میں سے ایک بن گئے۔ سات دہائیوں پر محیط فنی کیریئر میں انھوں نے کئی یادگار کردار نبھائے۔

'دی گریٹ ڈائریکٹر' اور 'سٹی لائٹس' جیسی فلموں میں ان کی بے مثال اداکاری مداحوں کو آج بھی یاد ہے۔ چارلی چپلن اکثر کہا کرتے تھے کہ مسکرائے بنا گزارے جانے والا دن کسی کام کا نہیں۔ چارلی چپلن 25 دسمبر 1977 کو 88 سال کی عمر میں سوئٹزرلینڈ میں انتقال کرگئے۔