وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے سابق کرکٹ کپتان شاہد آفریدی نے ملاقات کی جس میں بندرگاہوں اور سپورٹس سیکٹر کے درمیان تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بلیو اکانومی وژن کے تحت کھیلوں کے فروغ، ماحولیاتی آگاہی اور سمندری تحفظ کے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بندرگاہیں صرف تجارتی مراکز نہیں بلکہ قومی ترقی کے مراکز بن رہی ہیں، اور کھیلوں کے ذریعے سمندری تحفظ اور ماحولیاتی شعور کو فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلیو اکانومی وژن میں کھیلوں کے فروغ کو بھی شامل کیا جا رہا ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں اسپورٹس اکیڈمیز اور کرکٹ ٹریننگ سینٹرز کے قیام پر غور جاری ہے۔ ان کے مطابق گوادر سمیت ساحلی شہروں میں اسپورٹس اور اوشن آگاہی پروگرامز شروع کیے جائیں گے۔
شاہد آفریدی نے اس موقع پر کھیلوں کے ذریعے ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ساحلی علاقوں میں اسپورٹس ٹورازم اور کرکٹ کے فروغ کے روشن امکانات موجود ہیں۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ نجی شعبے کے تعاون سے نوجوانوں کے لیے تربیتی پروگرامز شروع کیے جائیں گے اور بحری و اسپورٹس سیکٹر کے اشتراک سے ایک جامع روڈ میپ تیار کیا جائے گا۔