کراچی میں ایف آئی اے کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے انٹیلی جنس اطلاع پر عوامی مرکز پاسپورٹ آفس میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے جعلی پاکستانی دستاویزات پر افغان باشندوں کے پاسپورٹ بنانے والے مبینہ بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی ایف آئی اے کے انسدادِ دہشت گردی ونگ نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی۔ چھاپے کے دوران پاسپورٹ آفس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ ریکارڈ کی تفصیلی جانچ پڑتال بھی کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران 70 سے زائد مشتبہ غیر ملکی افراد کے پاکستانی پاسپورٹ بنوانے سے متعلق دستاویزات برآمد ہوئیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ان افراد کا تعلق مبینہ طور پر افغانستان سے ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی اے کے انسدادِ دہشت گردی ونگ نے معاملے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں اور برآمد شدہ دستاویزات، ریکارڈ اور متعلقہ افراد کے کردار کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔