صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی افواج ایران کے خلاف سخت سے سخت جوابی کارروائی کریں گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب ایک امریکی فوجی اپاچی ہیلی کاپٹر کو ایران نے مار گرایا ہے جس سے وہ سمندر برد ہوگیا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ مجھے امریکی فوج کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ ایرانی فورسز نے گزشتہ رات گشت پر مامور جدید امریکی AH-64 اپاچی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر میں موجود دونوں پائلٹس کو جدید ترین ریسکیو آپریشن کے ذریعے بچالیا گیا لیکن امریکی افواج ایران کو سخت جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
قبل ازیں ترجمان امریکی فوج نے بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر آبنائے ہرمز کے قریب سمندر میں گر گیا تھا اور دونوں اہلکاروں کو چند گھنٹوں کے اندر بحفاظت نکال لیا گیا۔
اس ریسکیو آپریشن میں امریکی بحریہ کے جدید بغیر پائلٹ والے بحری ڈرون نے بھی اہم کردار ادا کیا یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا ایسا ریسکیو مشن تھا جس میں اس ڈرون نے کامیابی سے حصلہ لیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا نے صرف ایک روز قبل ایران اور اسرائیل کے درمیان ایک نازک جنگ بندی کی بحالی میں کردار ادا کیا تھا۔
صدر ٹرمپ اور ان کے قریبی حکام مسلسل یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ امریکا اور ایران ایک ممکنہ معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں جس کے تحت ایران کے جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے معاملات پر پیش رفت جلد متوقع ہے۔
تاحال ایران کی جانب سے امریکی ہیلی کاپٹر کے آبنائے ہرمز میں تباہ ہونے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
خیال رہے کہ ابتدائی رپورٹس میں ہیلی کاپٹر کے گرنے کی وجہ فوری طور پر واضح نہیں تھی اور امریکی حکام تحقیقات کر رہے تھے لیکن اب صدر ٹرمپ نے براہ راست ایران پر ہیلی کاپٹر گرانے کا الزام عائد کرکے جوابی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔