بے جان پیس بیٹری کو چارج کرنا پاکستان کیلیے چیلنج

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 22 اگست 2014
ہمبنٹوٹا میں ٹیم کی پریکٹس، بارش سے رنگ میں بھنگ پڑنے کے خدشات موجود۔ فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

ہمبنٹوٹا میں ٹیم کی پریکٹس، بارش سے رنگ میں بھنگ پڑنے کے خدشات موجود۔ فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

ہمبنٹوٹا: بے جان پیس بیٹری کو چارج کرنا پاکستان کیلیے چیلنج بن گیا، سری لنکا کیخلاف پہلے ون ڈے میں جنید خان کی شرکت مشکوک ہونے کی وجہ سے محمد عرفان کو کھلانے کا امکان روشن ہے۔

ہمبنٹوٹا میں گذشتہ روز ٹیم نے بھرپور پریکٹس کی، بارش سے رنگ میں بھنگ پڑنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا سے پاکستان کا پہلا ون ڈے ہفتے کو شیڈول ہے، مہمان ٹیم ایک چھوٹے طیارے میں سوار ہو کر ہمبنٹوٹا پہنچ گئی، دونوں ٹیسٹ میچز میں ناکامی کا صدمہ اٹھانے والا اسکواڈ مختصر فارمیٹ کے اسپیشلسٹ پلیئرز کی آمد کے بعد بہتر نتائج کا خواہاں ہے، گذشتہ روز پریکٹس سیشن بھی منعقد ہوا، ہیڈکوچ وقار یونس بیٹنگ میں اپنے معاون گرانٹ فلاور، بولنگ کوچ مشتاق احمد اور فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن کے ہمراہ کرکٹرز کی خامیاں درست کرنے کیلیے رہنمائی کرتے رہے۔

موراتووا میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں پیس بیٹری بے جان نظر آئی، انور علی 8 اوورز میں 67 رنز دیکر کوئی وکٹ نہ حاصل کرپائے،وہاب ریاض نے 9 اوورز میں 65 کی پٹائی برداشت کرکے ایک پلیئرکو پویلین بھیجا، محمد طلحہٰ نے 2 وکٹوں کیلیے 54 رنز دیدیے تھے،پہلے ون ڈے میں انجرڈ جنید خان کی شرکت مشکوک ہے۔

اس صورت میں محمد عرفان کو آزمایا جا سکتا ہے،پریکٹس میں سابق عظیم بولر وقار یونس کی توجہ خاص طور پر پیسرز کو موثر بنانے پر مرکوز رہی۔ دوسری جانب ہمبنٹوٹا میں پہلا ون ڈے میچ بارش سے متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، گذشتہ روز بھی ابررحمت برستی رہی، یاد رہے کہ بدھ کو وارم اپ مقابلے میں ہدف قابل حصول ہونے کی وجہ سے پاکستان کے پاس جیت کا موقع تھا لیکن  بارش کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ  پرفیصلہ میزبان ٹیم کے حق میں ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔