جونیئر اسکواش؛ تیسری بار فائنل میں ہار پاکستان کا مقدر بن گئی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 22 اگست 2014
فیورٹ ٹیم مصرنے 2-0 سے مات دے کر ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔  فوٹو: فائل

فیورٹ ٹیم مصرنے 2-0 سے مات دے کر ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ فوٹو: فائل

لاہور: ورلڈ جونیئر اسکواش ایونٹ میں تیسری بار فائنل میں ہار پاکستان کا مقدر بن گئی، فیورٹ ٹیم مصرنے ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، طیب اسلم اور علی بخاری سخت محنت کے باوجود عالمی سطح پر قومی ٹیم کی ٹائٹل سے محرومی دور نہ کرسکے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق نمیبیا میں منعقدہ ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کو2010 اور 2012 کی طرح  اس بار بھی مصر کا چیلنج درپیش تھا،کھلاڑی اس مرتبہ بھی حریف ٹیم کا دباؤ برداشت نہ کرسکے، ٹائٹل معرکے کا آغاز طیب اسلم اور عمرالتماس کے مابین مقابلے سے ہوا، پاکستانی سٹار نے ابتدائی دونوں گیمز میں فتح کیلیے سخت جدوجہد کی لیکن مصری حریف نے یکساں طور پر 12-10 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے2-0 کی برتری حاصل کرلی۔

تیسرے گیم میں طیب نے باآسانی 11-6 سے فتح سمیٹتے ہوئے کم بیک کیا لیکن چوتھے گیم میں عمر التماس نے 11-9 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی، دوسرے میچ میں علی شاہ بخاری کا سامنا یوسف عبدالمکرم سے تھا، علی نے 102 منٹ تک فتح کیلیے کوشش کی لیکن 2-3 سے ناکام رہے، پہلے گیم میں مصری کھلاڑی نے 11-7 سے کامیابی کو گلے لگایا، دوسرا گیم علی نے 11-9 سے جیتا، تیسرے میں ایک بار پھر یوسف نے 11-3 سے فتح پاتے ہوئے برتری حاصل کی۔

علی بخاری نے اگلا گیم 11-7 سے جیت کر میچ برابر کردیا۔ پانچویں اور فیصلہ کن گیم میں دونوں پلیئرز کے مابین سخت مقابلہ ہوا لیکن قسمت مصرپر مہربان رہی اور یوسف 11-9 سے جیت گئے۔ بدقسمت پاکستان ورلڈ جونیئر اسکواش ایونٹ میں مسلسل تیسری بار مصر سے ہارا ہے۔ تیسرے پاکستانی کھلاڑی عاصم خان کو کورٹ میں اترنے کا موقع ہی نہ مل سکا۔ اسپین نے ملائیشیا کو زیر کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔