پاکستانی سب سے زیادہ فوج پر اعتماد کرتے ہیں، عالمی سروے

مانیٹرنگ ڈیسک / آئی این پی  جمعرات 28 اگست 2014
گزشتہ سال کے مقابلے میں پاکستانی ملکی سمت کے تعین کے حوالے سے بہتر پر امید نظر آئے، بین الاقوامی سروے۔ فوٹو: فائل

گزشتہ سال کے مقابلے میں پاکستانی ملکی سمت کے تعین کے حوالے سے بہتر پر امید نظر آئے، بین الاقوامی سروے۔ فوٹو: فائل

واشنگٹن: بین الاقوامی تحقیقی ادارے ’’پیو ریسرچ‘‘ کی سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام سب سے زیادہ فوج پر اعتماد کرتے ہیں۔

بین الاقوامی تحقیقاتی ادارے’’پیو ریسرچ‘‘ کے مئی 2014ء میں کئے جانے والے سروے میں سب سے زیادہ ریٹنگ پاک فوج نے حاصل کی اور 87 فیصد پاکستانیوں نے پاک فوج پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا جب کہ گزشتہ برس اس حمایت کا تناسب 79 فیصد تھا۔ سروے کے مطابق 64 فیصد پاکستانی نواز شریف کی حمایت میں کمر بستہ ہیں جب کہ 32 فیصد نے وزیراعظم پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور 4 فیصد نے کوئی جواب نہیں دیا۔

سروے کے تحت گزشتہ سال انتخابات 2013ء سے قبل کئے گئے سروے میں نواز شریف کی عوامی مقبولیت کا تناسب 66 فیصد تھا۔ سروسے کے مطابق عمران خان جو کہ گزشتہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف ہزاروں افراد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنا دیئے ہوئے ہیں، کی عوامی مقبولیت مئی 2014ء میں 53 فیصد ہے جب کہ 24 فیصد نے ناپسندیدگی کا اظہارکیا۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں پاکستانی ملکی سمت کے تعین کے حوالے سے بہتر پر امید نظر آئے۔ 25 فیصد پاکستانیوں نے کہا کہ ملک بہتر سمت میں جا رہا ہے جب کہ 2013 میں ان کی تعداد 8 فیصد تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔