کراچی؛ ٹاور کے پی ٹی یارڈ میں ٹرین کی گاڑی کو ٹکر، کار کو شدید نقصان

گاڑی تقریباً 20 فٹ تک رگڑ کھاتی رہی جس کے بعد انجن کا بریک لگا


ویب ڈیسک October 15, 2026

کراچی:

ٹاور نیٹی جیٹی پل کے نیچے ریلوے ٹریک سے گزرنے والی مال گاڑی کے انجن سے گاڑی ٹکرا گئی، حادثے میں  گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ گاڑی میں سوار شخص محفوظ رہا۔

تفصیلات کے مطابق سٹی ریلوے تھانے کے علاقے ٹاور نیٹی جیٹی پل کے نیچے ریلوے کی کے بی ایکس پوسٹ اسٹیٹ بینک کی پارکنگ میں ریلوے ٹریک سے گزرنے والی مال گاڑی کے انجن سے گاڑی ٹکرا گئی، گاڑی تقریباً 20 فٹ تک رگڑ کھاتی رہی جس کے بعد انجن کا بریک لگا۔

حادثے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا تاہم گاڑی میں سوار عقیل نامی شخص محفوظ رہا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

سٹی ریلوے تھانے کے انچارج حسیب سہیل کے مطابق ریلوے کے بی ایکس پوسٹ کی اراضی اسٹیٹ بینک کے ملازم گاڑی کی پارکنگ کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور عقیل نامی شہری اسٹیٹ بینک کے ملازم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہری اپنی گاڑی پارک کر رہے تھے اور جیسے ہی ان کی گاڑی ریلوے ٹریک پر پہنچی تو اسی دوران مال گاڑی کا انجن آگیا اور انجن نے گاڑی کو ٹکر مار دی۔

انہوں نے بتایا کہ ریلوے پولیس نے گاڑی میں سوار شہری کے خلاف غفلت و لاپروائی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے حادثے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔