تباہ کن بارشوں کے باعث این ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کردیا

مسعود ماجد سید  جمعـء 5 ستمبر 2014
تباہ کن بارشوں کا سلسلہ گذشتہ 30 گھنٹوں سے جاری ہے جو آئندہ 48گھنٹے تک جاری رہے گا۔ فوٹو : اے ایف پی

تباہ کن بارشوں کا سلسلہ گذشتہ 30 گھنٹوں سے جاری ہے جو آئندہ 48گھنٹے تک جاری رہے گا۔ فوٹو : اے ایف پی

اسلام آباد: این ڈی ایم اے  نے جاری تباہ کن بارشوں اور کئی علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظراپنے تمام صوبائی وضلعی حکام سمیت فلڈکمیشن، انڈس واٹرکمیشن، واپڈا، محکمہ موسمیات اورآرمی گراؤنڈ ریلیف کو ہائی الرٹ کردیا۔

ملک بھرمیں تباہ کن بارشوں کا سلسلہ گذشتہ 30 گھنٹوں سے جاری ہے جو آئندہ 48گھنٹے تک جاری رہے گا۔ ذرائع کے مطابق خطرناک صورتحال کے پیش نظرجمعرات کواین ڈی ایم اے میں چئیرمین جنرل علیم سعیدکی صدارت میں ایک اہم اجلاس ہواجس میں فلڈکمیشن کے سربراہ کی عدم موجودگی میں چیف انجینئر، قائم مقام ڈائریکٹراور این ڈی ایم اے کے ممبرآپریشن نے شرکت کی۔ اطلاعات کے مطابق ملک کے دریاؤں راوی، چناب، جہلم اورستلج میں آئندہ 48گھنٹے میں انتہائی اونچے درجے کاسیلاب متوقع ہے۔

نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہونے کاخدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے کے ممبرڈی آراحمد کمال نے کہاکہ این ڈی ایم اے اورتمام اسٹیک ہولڈرزسے قریبی رابطے قائم ہیں اور منگلاڈیم منیجمنٹ کمیٹی سے بھی رابطہ قائم کیاگیا تاکہ اگربھارت اچانک پانی چھوڑ دے توزیادہ نقصان نہ ہو۔ انھوں نے کہاکہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے کی تیاریاں مکمل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔