(بات کچھ اِدھر اُدھر کی) - ٹو ان ون- فرائی مچھلی/ تکہ مچھلی

پروفیسر سیما سراج  اتوار 7 ستمبر 2014
مجھے معلوم ہے کہ مچھلی کھانے کے بے انتہا فوائد ہیں لیکن اس کے باوجود مجھے مچھلی پسند نہیں۔ فوٹو؛ سیما سراج

مجھے معلوم ہے کہ مچھلی کھانے کے بے انتہا فوائد ہیں لیکن اس کے باوجود مجھے مچھلی پسند نہیں۔ فوٹو؛ سیما سراج

مجھے معلوم ہے کہ مچھلی کھانے کے بے انتہا فوائد ہیں لیکن اس کے باوجود مجھے مچھلی پسند نہیں بلکہ شادی سے پہلے مچھلی کی خوشبو بھی پسند نہ تھی۔ لیکن شادی کے بعد جب پتہ چلا کہ میرے شریک سفر کو مچھلی کھانے کا بہت شوق ہے اور وہ صرف میری خاطر گھر میں اس شوق و پسند سے دستبردار ہوگئے ہیں اور پسندیدہ ڈشز پکواتے ہوئے مچھلی کا تذکرہ میری خاطر نہیں کرتے تو مجھے افسوس ہوا۔

لہذا میں نے مختلف قسم کی ڈشز جو مچھلی سے تیار ہوتی ہیں یا مختلف طریقوں سے مچھلی پکانا مثلا مچھلی پلاؤ، سالن والی مچھلی، تلی ہوئی مچھلی، مچھلی کے کباب بنانے سیکھے۔اب تو مچھلی کی خوشبو بھی ناگوار نہیں گزرتی، مزے سے پکا کر انہیں کھلاتی ہوں۔ تو دیکھا آپ نے محبت کا کمال،اب تو ان کی پسند میری پسند ہے۔ چلیں مچھلی فرائی کرتے ہیں، آپ کو پسند آئے گی۔

آئیے کچن میں دیکھتے ہیں، سارا سامان موجود ہے۔ مچھلی کے وزن کے حساب سے اجزا میں تبدیلی کرسکتی ہیں۔

اجزا؛

  • مچھلی ۔ایک کلو
  • لہسن کے جوئے۔ چار سے چھ عدد
  • تیل ۔ 2 کھانے کے چمچ
  • مارجرین یا مکھن۔ دو کھانے کے چمچ
  • گرم مصالحہ پسا ہوا۔ آدھا چائے کا چمچ
  • پیاز۔ 2 عدد (درمیانی)
  • دہی ۔ایک پیالی
  • کٹی ہوئی لال مرچ ۔ ایک کھانے کا چمچ
  • ثابت دھنیا۔ ایک کھانے کا چمچ
  • ہلدی۔ ایک چائے کا چمچ
  • سفید زیرہ۔ ایک کھانے کا چمچ

ترکیب؛

  • مچھلی کو پہلے خوب صاف دھولیں۔
  • دھنیا اور زیرہ بھون کر رکھ لیں۔
  • پیاز باریک کتر لیں یا کاٹ لیں۔
  • دہی میں اگر پانی زیادہ ہو تو ململ کے کپڑے میں ڈال کر زائد پانی الگ کردیں۔
  • پیاز کو سنہرا تلنے کے بعد، خیال رہے جلنے نہ پائے اگر کوئی کام آجائے مثلاً فون موبائل دروازے پر دستک یا کوئی آواز تو جانے سے پہلے آنچ دھیمی کردیں۔
  • دھنیا، زیرہ، لہسن باریک پیس لیں۔
  • نمک، لال مرچ، ہلدی اور دہی بھی شامل کرلیں۔
  • پھر مصالحے کو جو آپ نے تیار کیا ہے اچھی طرح سے مچھلی پر لگا کر رکھ لیں۔

تصویر؛ سیما سراج

  • کڑھائی میں تیل گرم کرکے مچھلی کو تل لیں۔ فرائی مچھلی تیار ہے۔

تصویر؛ سیما سراج

  • فرائی پین میں مکھن یا مارجرین لگا کر مچھلی کو سنہرا ہونے تک سینک لیں۔ مچھلی تکہ تیار، کہنے میں ماہی تکہ خوبصورت لگتا ہے۔
  • پسند کی چٹنی اور سلاد کے ساتھ پیش کریں۔
  • کیسی لگی بتائیے گا ضرور۔ مجھے یقین ہے کہ پسند آئی ہوگی۔

تصویر؛ سیما سراج

میرا بیٹا مچھلی کھانے میں نخرے بہت کرتا ہے، اس کو کانٹا چبھ جائے گا۔ کسی بہانے سے دسترخوان سے اٹھ نہ جائے اس لیے اس کے لیے بن کباب بنائے ہیں۔ دیکھیں نا خاتون خانہ کو دسترخوان پر سب کی پسند کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔ کیا خیال ہے؟

نوٹ: روزنامہ ایکسپریس  اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمیں کھانے کی ترکیب بھیجنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر، تصویر،   مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف  کے ساتھ  [email protected]  پر ای میل کریں۔  ترکیب کے ساتھ ڈش کی اصلی تصاویر بھیجنا ضروری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔