موزیلا کی ڈیجیٹل لٹریسی مہم

 اتوار 7 ستمبر 2014
مہم کے تحت دنیا بھر میں 368 ایونٹس منعقد کیے گئے جن میں یوزرز کو انٹرنیٹ کے استعمال کی بابت آگاہی فراہم کی گئی ۔  فوٹو : فائل

مہم کے تحت دنیا بھر میں 368 ایونٹس منعقد کیے گئے جن میں یوزرز کو انٹرنیٹ کے استعمال کی بابت آگاہی فراہم کی گئی ۔ فوٹو : فائل

انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا علم اور معلومات کی فراہمی اور ان کے حصول کا بھی ایک مؤثر ذریعہ ہے اور بعض حلقے ان ذرایع کو علم وآگاہی کے فروغ کے لیے استعمال کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ایسی ہی ایک کوشش کا آغاز انٹرنیٹ کی دنیا کی معروف کمپنی موزیلا نے بھی کیا۔ موزیلا نے انٹرنیٹ کے استعمال کے حوالے سے بنیادی معلومات کی فراہمی اور ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے کے لیے ایک بین الاقوامی پروگرام شروع کیا۔ اس توقع کا اظہار کیا گیا تھا کہ اس پروگرام میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد شرکت کریں گے اور اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔ موزیلا کے اس تربیتی پروگرام کے تحت انٹرنیٹ کے صارفین میں ڈیجیٹل لٹریسی، یعنی انٹرنیٹ کے استعمال کے حوالے سے بنیادی مہارتیں پیدا کرنے اور اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرنے کے علاوہ انٹرنیٹ کوڈنگ، ویب پیج ڈیزائنگ، ایپلیکیشنز اور وڈیوز وغیرہ تیار کرنے کی تربیت دی گئی۔

موزیلا کی جانب سے شروع کی جانے والی اس مہم کا آغاز یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا سے ہوا۔ اس سلسلے میں دنیا کے مختلف ممالک میں 368 ایونٹس منعقد کیے گئے۔ اس مہم کے حوالے سے موزیلا فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مارک سرمن کا کہنا ہے کہ جدید معاشرے میں ڈیجیٹل لٹریسی بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی کہ جتنا کہ لکھنا پڑھنا یا حساب وغیرہ کے بارے میں علم۔

مارک سرمن کے مطابق ان کی کمپنی کی یہ کوشش دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو انٹرنیٹ سے جوڑنے اور انھیں زیادہ بہتر انداز میں اس کا استعمال سکھانے کی کوشش کی ہے۔موزیلا فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کے مطابق موزیلا کی اس مہم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ انٹرنیٹ کی ٹیکنالوجی کا کنٹرول کمپنیز کے بہ جائے صارفین کے ہاتھوں میں دیا جائے۔واضح رہے کہ انٹرنیٹ کے صارفین کو انٹرنیٹ کے استعمال کے حوالے سے معلومات کی فراہمی کی مہم کا سلسلہ تین سال سے جاری ہے۔

یہ مہم دنیا کے مختلف شہروں میں مقامی رضاکاروں کی جانب سے شروع کی گئی تھی، جنھیں موزیلا کی جانب سے محدود پیمانے پر تیکنیکی تعاون حاصل تھا۔ اس مہم کے سلسلے میں منعقد ہونے والے ایونٹس میں تقریباً ساٹھ ہزار افراد نے شرکت کی تھی۔ تاہم رواں سال یہ مہم موزیلا نے براہ راست چلائی۔مارک سرمن کا کہنا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم لوگوں کو یہ سمجھائیں کہ ویب کیا ہے اور ہمیں اس سے کیا اور کس طرح کام لینا ہے۔

موزیلا کی جانب سے چلائی جانے والی اس مہم کے دوران اس میں شرکت کرنے والے یوزرز کو پرائیویسی سے جُڑے مسائل کے علاوہ انھیں ڈیٹا پروٹیکشن کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی گئی۔ اس مہم کا حصہ بننے والوں کو بتایا گیا کہ کوڈ کے ذریعے چیزیں کیسے بنائی جاتی ہیں۔ وڈیو کیسے بنائی جاتی اور فوٹو گرافی کیسے ترتیب دی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ دیگر متعلقہ معلومات بھی فراہم کی گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔