ٹوئٹر پر 8 فی صد سے زاید اکاؤنٹ ’’غیرانسانی‘‘

 اتوار 7 ستمبر 2014
ویب سائٹ کے بیان کے مطابق ایسے یوزرز کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 30 لاکھ ہے۔  فوٹو : فائل

ویب سائٹ کے بیان کے مطابق ایسے یوزرز کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 30 لاکھ ہے۔ فوٹو : فائل

سوشل ویب سائٹس پر جعلی اکاؤنٹس کی موجودگی ان سائٹس کے یوزرز کے لیے ایک بہت بڑا مسئلہ اور ان سائٹس کے لیے ایک چیلینج ہے، جس سے نمٹنے میں وہ مختلف کوششوں اور تدابیر کے باوجود ناکام رہی ہیں۔ تاہم ایسے اکاؤنٹس بھی ہیں جو جعلی تو نہیں مگر حقیقی بھی نہیں ہیں۔

حال ہی میں مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے اعتراف کیا ہے کہ اس کے ساڑھے آٹھ فی صد صارفین حقیقی نہیں،’’جنھیں خودبہ خود کسی صارف کی جانب سے کوشش کے بغیر اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔‘‘ اس طرح یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ ٹوئٹر کے مطابق اس کے 27  کروڑ صارفین میں سے دو کروڑ تیس لاکھ کا کوئی وجود نہیں۔

واضح رہے کہ یہ معلومات ٹوئٹر کی جانب سے سرمایہ کاروں کے لیے جاری کیے گئے بیان میں فراہم کی گئی ہیں، جس کا مقصد سرمایہ کاروں کے ٹوئٹر کے صحیح اعدادوشمار سے آگاہ کرنا ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ اس کا مقصد یہ نہیں کہ جن اکاؤنٹس کی بات کی جارہی ہے وہ جعلی ہیں، بل کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ ایسے اکاؤنٹ ہیں جنھیں کوئی انسان براہ راست نہیں چلاتا۔

ان میں بہت سے ایسے اکاؤنٹ شامل ہیں جنھیں مختلف کمپنیوں اور برانڈز کی جانب سے ان کے کمپیوٹر بہ طور صارف چلاتے ہیں۔ اس ضمن میں مبصرین کا کہنا ہے کہ انسان صارفین کے حوالے سے یہ بات اہم ہوگی جب ٹوئٹر یہ بتائے کہ اس کے یوزر اس ویب سائٹ پر کتنا وقت گزارتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔