یو ایس اوپن؛ سرینا ٹائٹلز کی ہیٹ ٹرک کا خواب دیکھنے لگیں 

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  اتوار 7 ستمبر 2014
ٹرافی کیلیے آج ووزینسکی سے مقابلہ، ایکٹرینا ماکارووا کی پیشقدمی ختم، انجری نے پینگ شوئی کے ارمان بھی خاک میں ملا دیے۔   فوٹو : اے ایف پی

ٹرافی کیلیے آج ووزینسکی سے مقابلہ، ایکٹرینا ماکارووا کی پیشقدمی ختم، انجری نے پینگ شوئی کے ارمان بھی خاک میں ملا دیے۔ فوٹو : اے ایف پی

نیویارک: سرینا ولیمز  یوایس اوپن ویمنز سنگلز میں ٹائٹلز کی ہیٹ ٹرک کا خواب دیکھنے لگیں، فائنل میں اتوار کو ان کا مقابلہ کیرولین ووزینسکی سے ہوگا۔

انھوں نے سیمی فائنل میںروسی حریف ایکٹرینا ماکارووا کی پیشقدمی ختم کردی، انجری نے چینی پلیئر پینگ شوئی کے خواب بکھیر دیے۔ تفصیلات کے مطابق یوایس اوپن میں ویمنز سنگلز ٹرافی کیلیے اتوار کو سرینا ولیمز اور ڈینش اسٹار کیرولین ووزینسکی ٹکرائیں گی، سیمی فائنل میں عالمی نمبرون سرینا ولیمز نے  ایکٹرینا ماکارووا کے ٹائٹل کی جانب بڑھتے ہوئے قدم روک دیے، انھوں نے روسی حریف کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-1 اور6-3 سے پچھاڑا، سرینا ولیمز یوایس اوپن میں ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک کیلیے پُراعتماد ہیں، فیصلہ کن معرکے میں ان کا سامنا اپنی دوست کیرولین ووزینسکی سے ہوگا، وہ ماضی میں نمبرون پلیئر بھی رہیں لیکن ابھی تک گرینڈ سلم ٹرافی کو اپنے شوکیس کی زینت نہیں بنا سکی ہیں، سرینا مجموعی طور پر پانچ مرتبہ ہوم چیمپئن بن چکیں لیکن یہ ٹائٹل جیتنے کا ان کا مسلسل تیسرا موقع ہوگا۔

انھوں نے 2013 اور 2014 میں نیویارک ایونٹ کی سنگلز ٹرافی اپنے قبضے میں کی تھیں، ٹائٹل فتح سرینا ولیمز کو 18 مجموعی گرینڈ سلم ٹائٹلز فتوحات میں کرس ایورٹ اور مارٹینا نیوراٹلووا کا بھی ہمسر بناسکتی ہیں، رواں برس سرینا ولیمز کیلیے گرینڈ سلم کے حوالے سے اچھا نہیں رہا، وہ ومبلڈن میں تیسرے راؤنڈ کی مہمان بنیں جبکہ اس سے قبل فرنچ اوپن میں سفر دوسرے راؤنڈ میں ختم ہوگیا تھا، سیزن کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن میں بھی وہ چوتھے مرحلے سے آگے نہیں بڑھ پائیں تھیں، دوسرے سیمی فائنل میں گرمی سے انجرڈ ہونے والی پینگ شوئی کا خواب بکھرگیا، چینی اسٹار یوایس اوپن کے سیمی فائنل میں کیرولین ووزینسکی کیخلاف ابتدائی سیٹ 7-6 (7/1)  سے ہارنے کے بعد دوسرے سیٹ میں 4-3 کے خسارے پر مقابلہ جاری نہیں رکھ پائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔