انگلینڈ نے بھارت کو واحد ٹی 20 میچ میں شکست دے دی

اسپورٹس ڈیسک  پير 8 ستمبر 2014
 ایون مورگن نے 31 بالز پر 7 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے، الیکس ہیلز 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فوٹو: گیٹی امیج/فائل

ایون مورگن نے 31 بالز پر 7 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے، الیکس ہیلز 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فوٹو: گیٹی امیج/فائل

برمنگھم: واحد ٹوئنٹی 20 میچ میں انگلینڈ نے اعصاب کی جنگ میں بھارت کو پچھاڑ دیا، دھونی آخری گیند پر فتح کیلیے درکار چھکا نہیں جڑ پائے، میزبان سائیڈ نے مقابلہ 3 رنز سے جیت لیا۔

انگلینڈ نے واحد ٹوئنٹی 20 میں بھارت کو انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں 3 رنز سے شکست دی، انگلینڈ کے 180 رنز کے تعاقب میں بھارتی بلے بازوں نے جیت کے لئے بھرپور کوشش کی، آخری اوور میں مہمان ٹیم کو فتح کیلیے 17 رنز درکار تھے، کرس ووئکس کی گیند پر دھونی نے چھکا جڑا اور اگلی گیند پر دو رنز لیے، تیسری کو انھوں نے پل کرنا چاہا مگر گیند بیٹ پر درست انداز میں نہیں آئی، دھونی نے سنگل نہیں لیا، چوتھی گیند پر چوکا جڑا جس سے اب باقی دو بالز پر فتح کیلیے صرف پانچ رنز درکار تھے، دھونی نے اس بار گیند کولیگ سائیڈ پر سوئنگ کرنے کی کوشش کی مگر ناکامی پر اس بار بھی سنگل رن نہیں لیا۔

دوسرے اینڈ پر امباتی رائیڈو تھے جن پر شاید دھونی کو اعتبار نہیں تھا، اب آخری گیند پر فتح کیلیے انھیں چھکا جڑنا تھا جبکہ میچ کو سپر اوور میں لے جانے کیلیے کم سے کم چوکا درکار تھا، ووئکس نے شارٹ بال کی دھونی اس بار بھی لیگ سائیڈ کی جانب سے کھیلنے کی ناکام کوشش اور اب سنگل رن لیا مگر ٹیم میچ ہار چکی تھی۔ٹور میں اب تک ناکام ثابت ہونے والے ویرات کوہلی نے 41 بالز پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے۔

قبل ازیں انگلینڈ نے 7 وکٹوں پر 180 رنز بنائے، ایون مورگن نے 31 بالز پر 7 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے، الیکس ہیلز 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد شامی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، میچ میں بہترین بیٹنگ کرنے والے انگلش بلے باز آئن مورگن کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔