شاہ رخ خان کی نئی فلم ’’فین‘‘ کی ہیروئن کے لیے الیانا ڈی کروز کا نام سامنے آگیا

شوبز ڈیسک  منگل 9 ستمبر 2014
فلم میں شاہ رخ ڈبل رول ادا کرینگے، اس سے قبل ہیروئن کے لیے پرنیتی چوپڑا، ونی کپور اور پھر رانی مکھر جی کا نام بھی لیا جاتا رہا ہے، ذرائع   فوٹو : فائل

فلم میں شاہ رخ ڈبل رول ادا کرینگے، اس سے قبل ہیروئن کے لیے پرنیتی چوپڑا، ونی کپور اور پھر رانی مکھر جی کا نام بھی لیا جاتا رہا ہے، ذرائع فوٹو : فائل

ممبئی: بالی ووڈ کنگ خان اداکار شاہ رخ خان کی نئی فلم ’’فین ‘‘ کے لیے ان دنوں بالی ووڈ میں کافی ہلچل سی ہے اور اس فلم میں کنگ خان کے مقابل ہیروئن کے کاسٹ کیے جانے سے متعلق کئی اداکاراؤں کے نام سامنے آ رہے ہیں مگر اب یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ اس فلم میں شاہ رخ خان کے مقابل مرکزی کردار الیانا ڈی کروز ادا کریں گی۔

یش راج بینر تلے بننے والی منیش شرما کی اس فلم ’’فین ‘‘ سے متعلق شوبز کی تازہ ترین اطلاع کے مطابق اب شاہ رخ خان کے مقابل اداکارہ الیانا ڈی کروز ہی مرکزی کردار ادا کریں گی جب کہ اس فلم میں کنگ خان فلم ’’فین ‘‘ میں کہانی کے مطابق ڈبل رول ادا کر رہے ہیں تاہم ابھی تک اس فلم کے بنانے والوں نے ہیروئن سے متعلق بات کرنے کے حوالے سے اپنے لب سی رکھے ہیں۔ اس سے پہلے بھی شاہ رخ خان کی یہ نئی فلم ہیروئن کی کاسٹ کے حوالے سے کئی دنوں سے موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔

الیانا ڈی کروز کے نام سے قبل اس فلم  کی مرکزی کاسٹ کے لیے پہلے پرنیتی چوپڑا کا نام بھی سامنے آیا تھا مگر پرنیتی چوپڑا نے اس قسم کی خبروں کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ابھی تک اس فلم میں کام کرنے کی کوئی آفر نہیں کی گئی ہے۔

اس کے بعد خبر تھی کہ اب اس فلم کے لیے ونی کپور کا نام لیا جا رہا ہے اور اب حال ہی میں جب رانی مکھر جی اپنی نئی فلم ’’مردانی ‘‘ کی تشہیری مہم میں مصروف تھی تو اس دوران پھر خبر اڑی کہ رانی مکھر جی کو فلم ’’فین ‘‘ میں شاہ رخ خان کے مد مقابل ہیروئن لیا جا رہا ہے مگر اب یہ سننے میں آ رہا ہے کہ الیانا ڈی کروز کا نام تقریباً فانئل کر لیا گیا ہے۔ ادھر دوسری طرف یش راج فلمز کی طرف سے کسی بھی فلمساز نے اس فلم کے لیے کسی ہیروئن کے ابھی تک نام کا اعلان نہیں کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔