تحریک انصاف سے مذاکرات میں تقریباً تمام امور پر اتفاق ہوچکا ہے، اسحاق ڈار

ویب ڈیسک  منگل 9 ستمبر 2014
اتحادیوں سے بات کرکے تحریک انصاف کو آگاہ کریں گے، اسحاق ڈار، فوٹو:ایکسپریس نیوز

اتحادیوں سے بات کرکے تحریک انصاف کو آگاہ کریں گے، اسحاق ڈار، فوٹو:ایکسپریس نیوز

اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہےکہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں تقریباً تمام امور پر اتفاق ہوچکا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے گھر پر تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دوپہر کو ہونے والے مذاکراتی دور میں تجاویز پر بات چیت مکمل نہیں ہوسکی تھی تاہم اب اسے مکمل کرلیا گیا ہے، ہمارے نزدیک ایک مطالبہ ناقابل مذاکرات ہے جبکہ ایک تجویز پر تحریک انصاف نے اپنا نکتہ نظر پیش کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے تقریباً تمام امور پر اتفاق ہوچکا ہے، حکومت اب اتحادیوں سے بات کرکے تحریک انصاف کو جواب دے گی۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں طرف سے پیش کی گئی تجاویز پر مکمل بات چیت ہوگئی ہے جو حکومت کو بھی دے دی ہیں اور ہم نے حکومت تک اپنی حتمی بات پہنچا دی ہے تاہم اب آئندہ مذاکرات کا ہونا یا نہ ہونا حکومتی رویے پر منحصر ہے۔

واضح رہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ایک طرف  مذاکرات جاری ہیں جبکہ دوسری طرف چیرمین تحریک انصاف عمران خان بارہا اعلان کرچکے ہیں وہ وزیراعظم نوازشریف کا استعفیٰ لیے بغیر نہیں جائیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔