پاکستان حیران، آسٹریلیا نے بھی اپنا ’ہیراتھ‘ ڈھونڈ لیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 9 ستمبر 2014
اوکیف ٹیم سے پہلے یو اے ای جاکر مرلی دھرن سے خصوصی ’تربیت‘ حاصل کریں گے ۔  فوٹو : فائل

اوکیف ٹیم سے پہلے یو اے ای جاکر مرلی دھرن سے خصوصی ’تربیت‘ حاصل کریں گے ۔ فوٹو : فائل

سڈنی: پاکستان کو حیران کرتے ہوئے آسٹریلیا نے بھی اپنا ’ہیراتھ‘ ڈھونڈ لیا، لیفٹ آرم اسپنر اسٹیو اوکیف کو ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنا دیا۔

ٹیم سے پہلے یو اے ای جاکر مرلی دھرن سے خصوصی ’ٹریننگ‘ حاصل کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں سری لنکا کے دورے کے دوران رنگانا ہیراتھ نے جب ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی بیٹنگ لائن پر تباہی ڈھاتے ہوئے 2 میچز میں 23 وکٹیں لیں تو یہ بات آسٹریلوی سلیکٹرز سے بھی چھپی نہیں رہ پائی، انھوں نے اپنے ’ہیراتھ‘ کو اکتوبر میں شیڈول سیریز کیلیے تیاریوں کا حکم دے دیا۔ لیفٹ آرم اسپنر اسٹیو اوکیف نے گذشتہ شیفلڈ شیلڈ سیزن میں 20.43 کی اوسط سے 41 وکٹیں لی تھیں، وہ نیو ساؤتھ ویلز میں ایک سری لنکن کوچ چندیکا ہتھورا سنگھے کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں، انھوں نے کہا کہ میں رنگانا ہیراتھ کی بولنگ کی نقل کرتا ہوں، شارٹ اسپنر وکٹوں میں گیند کرتے ہیں۔

میرا انداز بھی ان جیسا ہی ہے۔ آسٹریلوی سلیکٹر روڈنی مارش نے کہا کہ اوکیف کو فرسٹ کلاس فارم کی وجہ سے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا، پاکستان کا لیفٹ آرم اسپنرز کے خلاف ریکارڈ بہتر نہیں ہے، اوکیف بھی ہیراتھ جیسے ہی بولر ہیں، نہ تو سری لنکن بولر زیادہ گیند کو ٹرن کرتے ہیں اور نہ ہی اوکیف بڑے ٹرنر ہیں، دونوں وکٹوں کے درمیان میں بولنگ کرتے اور اسی وجہ سے ہم نے اوکیف کو منتخب کیا۔ واضح رہے کہ اوکیف اپنی ٹیم سے پہلے یو اے ای پہنچ کر اسپن بولنگ کنسلٹنٹ اور سری لنکا کے سابق عظیم بولر مرلی دھرن سے خصوصی ٹریننگ حاصل کریں گے، فل ہیوز بھی ان کے ساتھ موجود اور وہاں کی اسپن کنڈیشنز میں بیٹنگ پریکٹس کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔