فوج خود آکرمعاملہ حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، چوہدری شجاعت

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  منگل 9 ستمبر 2014
اسلام آباد، چوہدری شجاعت طاہر القادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

اسلام آباد، چوہدری شجاعت طاہر القادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

اسلام آباد: مسلم لیگ قائد اعظم کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ میرے بیان کوغلط انداز میں پیش کیا گیا میں نے فوج کو آنے کا نہیں مدد کرنے کا کہا تھا۔

گزشتہ روزطاہرالقادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگومیں چوہدری شجاعت نے کہاکہ سیاستدان معاملات کو حل کرنے کی کوششیں کررہے ہیں، امید ہے کہ جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائین گے، انھوں نے کہا کہ آرمی کو میں نے نہیں کہا تھا کہ فوج آکر اقتدار کواپنے کنٹرول میں لے لے، میرے بیان کو غلط اندازمیں پیش کیاگیا، میں نے فوج کے متعلق یہ کہا تھا کہ فوج آکر معاملات حل کرنے میں مدد کرے، انھوں نے کہا کہ پہلے بھی حکومت کی درخواست پر فوج اس معاملے میں مداخلت کرچکی ہے، اب پھر فوج  کوخود سے آکرمعاملے کے حل کے لیے کردارادا کرنا چاہیے تاکہ قوم کواس بحران سے نکالا جاسکے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں  نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں حکومت کے ساتھ نہیں ہمارے ساتھ کھڑی ہیں۔ دوسری طرف مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے سیلاب کی تباہ کاریوں میں اضافہ ہواہے،حکومت ناکام ہی نہیں بلکہ بے نقاب بھی ہو گئی ہے۔انھوںنے کہاکہ بوٹ پہن کر کشتیوں میں بیٹھ کر ڈرامہ کیا جاتا ہے اب وہ زمانہ گیا، ان کی ڈرامہ بازیاں اب عوام کو مزید بیوقوف نہیں بناسکتیں، حکمرانوں نے کچھ نہیں کیا اس لیے فوج کو آنا پڑا جو کام حکومت نے کرنے تھے وہ فوج کوکرنا پڑرہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔