وہاڑی کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں وینٹی لیٹرز خراب ہونے سے 8 بچے جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 9 ستمبر 2014
معاملے کی تحقیقات کے لئے انکوائری ٹیم بنا دی گئ ہے، جو بھی گناہ گار پایا گیا اسے سخت سزا دی جائے گی، ایم ایس ڈی ایچ کیو وہاڑی۔  فوٹو؛ فائل

معاملے کی تحقیقات کے لئے انکوائری ٹیم بنا دی گئ ہے، جو بھی گناہ گار پایا گیا اسے سخت سزا دی جائے گی، ایم ایس ڈی ایچ کیو وہاڑی۔ فوٹو؛ فائل

وہاڑی: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال وہاڑی کے چلڈرن کمپلیکس میں وینٹی لیٹر ز خراب  ہونے کے باعث 8 بچے جاں بحق جب کہ 6 بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال وہاڑی کے چلڈرن کمپلیکس میں رات گئے وینٹی لیٹرز خراب ہونے کے باعث 8 بچے جاں بحق جب کہ 6 بچوں کی حالت تشویشناک ہو گئی ہے۔ بچوں کے ورثاء نے ڈی ایچ کیو اسپتال کے باہر مظاہرہ کیا اور کہا کہ بچوں کی ہلاکت وینٹی لیٹرز خراب ہونے کے باعث نہیں بلکہ پیرا میڈیکل اسٹاف کی غفلت اور لا پرواہی کے باعث ہوئی ہیں، عملہ پوری رات موبائل فونز پر باتیں کرتا رہتا ہے اور مریضوں کو بے یارو مدد گار چھوڑ دیا جاتا ہے۔

دوسری جانب ڈی ایچ کیو  وہاڑی کے آئی سی یو کے انچارج  ڈاکٹر مقبول کا کہنا ہے کہ 8 نہیں 4 بچوں کی ہلاکت ہوئی ہے اور تمام بچے وینٹی لیٹر خراب ہونے کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد اشرف کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے لئے انکوائری ٹیم بنا دی گئ ہے، جو بھی گناہ گار پایا گیا اسے سخت سزا دی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔