عوام کو ہلاک کرنے کا سبب بننے والے جاگیردارعذاب الہٰی سے نہیں بچ سکیں گے، الطاف حسین

ویب ڈیسک  بدھ 10 ستمبر 2014
پنجاب کے تمام ضلعی اور تحصیلوں ذمہ دار اور کارکنان بارش متاثرین کی آگے بڑھ کر ہر ممکن خدمت کریں، الطاف حسین    فوٹو: فائل

پنجاب کے تمام ضلعی اور تحصیلوں ذمہ دار اور کارکنان بارش متاثرین کی آگے بڑھ کر ہر ممکن خدمت کریں، الطاف حسین فوٹو: فائل

اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ اپنی زمینوں کو بچانے کے لئے عوام کو ہلاک کرنے کا سبب بننے والے جاگیردار اور وڈیرے عذاب الہٰی سے نہیں بچ سکیں گے۔

لندن سے جاری بیان کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک کے ہنرمند، محنتی اور جفاکش لوگوں کی بڑی تعداد بارش اور سیلاب کی نذر ہوکر موت کی آغوش میں جارہی ہے، اس پر ان سمیت درمند دل رکھنے والے کروڑوں عوام شدید رنج وغم میں مبتلا ہیں۔  ایک جانب پاکستان کی مسلح افواج شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف ملک کی تاریخ کی اہم جنگ لڑرہی ہے اور دوسری جانب یہی افسران اور جوان انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے دن رات اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، اس پر وہ انہیں خراج تحسین اور سلام پیش کرتے ہیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ جو جاگیردار اور وڈیرے اپنی زمینوں کو بچانے کے لئے پشتوں کا رخ موڑ کر یا شگاف ڈال کر پورے ملک کے مظلوموں اور محروم عوام کو ہلاک کرنے کا سبب بن رہے ہیں، وقت آنے پر بڑے سے بڑا ظالم بھی عذاب الہٰی سے نہیں بچ سکے گا۔ انہوں نے پنجاب کے تمام ضلعی اور تحصیلوں کے ذمہ داروں اور کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں طبی اور امدادی کیمپ لگا کر بارش اور سیلاب متاثرین کی آگے بڑھ کر ہر ممکن خدمت کریں اور تعاون کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔