(میڈیا واچ ڈاگ) – ہم دل دے چکے صنم

فرمان نواز  بدھ 10 ستمبر 2014
میراجی کو دھرنے میں آنا ہوگا ،تب ہی وہ اس انتخاب کی دوڑ میں حصہ لے سکتی ہیں۔ فوٹو فائل

میراجی کو دھرنے میں آنا ہوگا ،تب ہی وہ اس انتخاب کی دوڑ میں حصہ لے سکتی ہیں۔ فوٹو فائل

اداکارہ میرا نے عمران خان سے شادی کی خواہش ظاہر کی ہے اور ساتھ ہی ان کا کہنا ہے کہ وہ عمران کو پاکستان کا وزیراعظم بھی دیکھنا چاہتی ہیں۔لیکن میرا جی سے ایک غلطی ہو گئی۔آج کل عمران خان نے چاہتے والوں کیلئے ایک امتحان رکھا ہوا ہے۔ جو دھرنے میں آتا ہے وہ قبول ہے اور باقی کوئی باغی ہی کیوں نہ ہو اگر دھرنے کی شرط پوری نہیں کرتا تو عمران اور اُس کے راستے جدا ہیں۔

یہ پہلی بار نہیں کہ کسی اداکارہ نے سیاستدان سے شادی کرنے کا اظہار کیا ہو۔ پرویز مشرف کے ساتھ بھی ایک اداکارہ نے ڈیٹ پر جانے کی خواہش ظاہر کی تھی جو عمر میں اُن کی بیٹی کے برابر تھی۔ لیکن اداکارہ میرا کی خواہش نے ڈیرہ اسماعیل خان کی اداکارہ مسرت شاہین کی یاد دلا دی۔ مسرت شاہین بھی مولانا فضل الرحمان کے مقابلے میں الیکشن لڑتی تھی اور مولانا کی عظمت میں اضافے کا باعث بننے کی کوشش کرتی تھی۔اُن کا الیکشن میں کھڑے ہونے کا مقصد الیکشن جیتنا نہیں ہوتا تھا بلکہ مولانا فضل الرحمان کو ذہنی کوفت دینا مقصود ہوتا تھا۔لیکن مسرت شاہین نے کبھی مولانا کو پروپوز نہیں کیا۔ ہاں البتہ ایک بار مولانا کے رفقاء میں کسی نے مسرت شاہین کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی تجویز دی تھی۔

میرا جی بھی عمران خان کے خلاف لاہور سے الیکشن لڑ چکی ہیں۔ جس میں نہ میرا جی اور نہ ہی عمران جیت پائے بلکہ مسلم لیگ کے آیاز صادق جیت گئے۔ کمال ہے کہ جہاں سے عمران خان نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تو میرا جی بھی اُدھر نازل ہو گئی۔ اب جب کہ عمران خان نے دھرنے کے بعد شادی کا اعلان کیا ہے تومیرا جی نے بھی شادی کا اعلان کر دیا اور وہ بھی عمران خان سے۔یہ بھی ایک قسم کا الیکشن ہے جس میں عمران خان لڑکی میرا مطلب کسی عورت کا انتخاب کریں گے۔

لیکن میرا جی اس بار دھوکہ کھا گئی ۔ کیوں کہ خان صاحب نے واقعی شادی نہیں کرنی وہ تو مزاح میں ایسا کہہ گئے۔ یا پھر یہ بھی ہو سکتا ہے کہ مسرت شاہین کی طرح میرا جی کو بھی کسی نے اُکسا یا ہو۔لیکن بات جو بھی ہے میراجی کو دھرنے میں آنا ہوگا ،تب ہی وہ اس انتخاب کی دوڑ میں حصہ لے سکتی ہیں۔ نہ صرف دھرنے میں آنا ہوگا بلکہ آخر تک رہنا بھی ہوگا جب تک نیا پاکستان نہیں بنتا اور خان صاحب اُس کے وزیر اعظم نہیں بنتے۔ویسے پچھلے الیکشن میں تو میرا جی نے عمران خان سے مقابلے کا اعلان کیا تو بیچ میں ن لیگ کا اُمیدوار جیت گیا ۔ اب میرا جی نے عمران سے شادی کی خواہش ظاہر کر ہی دی  ہے تو دیکھتے ہیں کون جیتتا ہے۔میرا جی کی سیلیکشن ہوتی ہے یا کسی اور کی؟

ویسے عمران خان صاحب سے گزارش ہے کہ میرا جی کو بھی دھرنے میں دھمال ڈالنے کی اجازت دے ہی دے۔ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ میرا جی واقعی شادی کا ارادہ رکھتی ہیں یا صرف رنگ میں بھنگ ڈالنے کا پروگرام ہے۔ اگر وہ شادی میں واقعی مخلص ہیں تو کسی کی ناراضگی کی پرواہ کئے بغیر دھرنے میں آن پہنچے گی لیکن اگر وہ صرف مسرت شاہین کی پیروی کر رہی ہیں تو عمران خان کو ایک اور الزام ہاتھ آجائے گا کہ مخالفین نے میرا کو اُکسایا تھا۔

نوٹ: روزنامہ ایکسپریس  اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر،   مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف  کے ساتھ  [email protected]  پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔