تفتیشی پولیس کی تربیت مکمل، جرمنی نے پولیس کو 5 فنگر پرنٹس نظام اور موٹر سائیکلیں دیدیں

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 11 ستمبر 2014
سی پی او میں منعقدہ تقریب کے دوران جرمن قونصل جنرل آئی جی سندھ سے مصافحہ کررہے ہیں۔  فوٹو: ایکسپریس

سی پی او میں منعقدہ تقریب کے دوران جرمن قونصل جنرل آئی جی سندھ سے مصافحہ کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: جرمن حکومت کی جانب سے 5 جدید فنگر پرنٹس آئیڈینٹی فکیشن سسٹم سندھ پولیس کے حوالے کردیے گئے ہیں، سندھ پولیس کی استعدادی صلاحیت کو بڑھانے کیلیے حکومت جرمنی نے جرمن فیڈرل فارن آفس منصوبے کے تحت یہ فارنسک آلات اور موٹر سائیکلیں سندھ پولیس کے حوالے کی ہیں۔

اس حوالے سے مرکزی پولیس دفتر میں تقریب ہوئی جس میں جرمنی کے ڈپٹی قونصل جنرل ہینس جیوگن پاسکی نے شرکت کی،سسٹم اور موٹر سائیکلوں کی مالیت 14520660 روپے ہے جو آئی جی سندھ سندھ غلام حیدر جمالی کو حوالے کی گئیں، منصوبے کا مقصد جدید تربیت اور آلات کی مدد سے سندھ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔

منصوبے کے تحت فورنسک ڈویژن اور سندھ پولیس کی تفتیشی برانچوں سے وابستہ 55 پولیس افسران کوباقاعدہ فنگر پرنٹ نظام چلانے کے خصوصی تربیتی کورس مکمل کرائے جاچکے ہیں، سندھ پولیس کی استعدادی صلاحیت بڑھانے کیلیے جرمن فیڈرل فارن آفس پروجیکٹ کی معاونت سے پولیس تربیتی مراکز میں تربیتی کورسز کا انعقاد کیا جارہا ہے، 6 ٹریننگ آف ٹرینرز کورس میں سندھ پولیس کے 200 پولیس ٹرینرز کو تر بیت دی جاچکی ہے جن میں تربیت فراہم کرنے والوں کی تربیت، کرائم سین پر ابتدائی پولیس کاروائی، تفتیشی کورس، ڈیوٹی افسران اور محرران کورس ، تھانیدارکورس، بنیادی انٹیلی جنس و سرویلنس کورس کرائے جارہے ہیں۔

مذکورہ کورسز میں پولیس تربیتی کالج سعید آباد، شہداد پور ، پولیس تربیتی اسکول لاڑکانہ اور بھرتی تربیتی کالج حیدرآباد کے 4204 پولیس اہلکار حصہ لے چکے ہیں، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے جی آئی زیڈ کے عملے اور حکومت جرمنی کا سندھ پولیس کے ساتھ اشتراک اور تعاون پر شکریہ ادا کیا، تقریب میں ایڈیشنل آئی جیز ، ڈی آئی جی اور پروجیکٹ انتظامیہ نے شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔