ایشین گیمز میں شرکت کیلئے پاکستانی ہاکی اسکواڈ آج کوریا کیلیے اُڑان بھرے گا

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 11 ستمبر 2014
کپتان روٹھے شائقین کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کیلیے پُرعزم۔   فوٹو: فائل

کپتان روٹھے شائقین کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کیلیے پُرعزم۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستانی ہاکی اسکواڈ جمعرات کوکوریا کیلیے اُڑان بھرے گا، پلیئرز ایشین گیمز میں ٹائٹل کے دفاع کیلیے پُرعزم ہیں۔

قبل از وقت روانگی کا مقصد میزبان ملک کے موسمی حالات سے مطابقت اورپریکٹس میچز کے ذریعے فارم میں واپسی ہے،گرین شرٹس کو ایونٹ سے پہلے میزبان جنوبی کوریا، جاپان اور بنگلہ دیش کیخلاف صلاحیتیں آزمانے کا موقع میسر آئے گا۔ کپتان محمد عمران ورلڈ کپ سے بے دخلی پر روٹھ جانے والے شائقین کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کے لیے بے چین ہیں، دوسری طرف ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے بھی ٹورنامنٹ میں شریک روایتی حریف بھارت سمیت ہر ٹیم کو آڑے ہاتھوں لینے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق 19 ستمبر سے شیڈول ایشین گیمز میں اعزاز کا دفاع کرنے کیلیے قومی ہاکی اسکواڈ جمعرات کی شب براستہ بنکاک کوریا روانہ ہوگا، کھلاڑی شام 6 بجے لاہور پہنچیں گے، مقامی ہوٹل میں عشائیے کے بعد ان کی روانگی شیڈول ہے۔ ایونٹ میں محمد عمران ٹیم کی قیادت کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں شفقت رسول (نائب کپتان)، عمران بٹ، امجد علی، محمد عرفان، عامر شہزاد، عماد شکیل بٹ، محمد توثیق، فرید احمد، راشد محمود، محمد رضوان جونیئر، سید کاشف شاہ، محمد وقاص شریف، محمد عمر بھٹہ، عبدالحسیم خان، محمد دلبر، شکیل عباسی اور محمد رضوان شامل ہیں، شہناز شیخ چیف کوچ و منیجر ہیں۔

پاکستانی ٹیم کا پہلا مقابلہ 19 ستمبر کو شیڈول ہے،گرین شرٹس اس سے قبل جاپان، کوریا اور بنگلہ دیش سے 3 پریکٹس میچز بھی کھیلیں گے، یہ مقابلے 14، 16 اور 17 ستمبر کو ہونگے۔ ٹیم کا تربیتی کیمپ گذشتہ روز نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں ختم ہو گیا ، اختتامی روز کھلاڑیوں نے بلڈ اپ، ڈیفنس، اٹیک، پنالٹی کارنر اور پنالٹی شوٹ آئوٹ کی بھرپور پریکٹس کی۔ چیف کوچ شہناز شیخ اور کپتان محمد عمران ایشین گیمز میں عمدہ کھیل کیلیے پُر اعتماد ہیں۔

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے خصوصی بات چیت میں ہیڈ کوچ نے کہا کہ کھلاڑیوں کا مورال بلند اور وہ میگا ایونٹ میں عوامی توقعات کے مطابق نتائج دینے کے لیے تیارہیں،انھوں نے کہا کہ ہم نے چار ماہ سے زائد عرصے تک کیمپ میں ایمانداری کے ساتھ محنت کی، امید ہے کہ کارکردگی اچھی رہے گی۔ایک سوال پر شہناز شیخ نے کہا کہ پول میں شامل بھارتی ٹیم ہمیں ٹف ٹائم دینے کی صلاحیت رکھتی ہے لیکن کھلاڑیوں پر واضح کر دیاکہ میں اپنے کیریئر میں روایتی حریف سے کبھی نہیں ہارا، اس لیے فتوحات کے سلسلے کو وہ بھی برقرار رکھیں، ہم اعزاز کا دفاع کرکے قوم کو جیت کی خوشخبری دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ کوریا اور ملائیشیا بھی سخت حریف ہیں لیکن پلیئرز کو ہدایت کی ہے کہ ہر میچ کو فائنل سمجھتے ہوئے پرفارم کریں۔ کپتان محمد عمران نے کہا کہ کھلاڑیوں کوجس طرح ٹریننگ کرائی گئی اس کے بعد میں اچھی کارکردگی کی توقع رکھتا ہوں۔انھوں نے کہا کہ مایوسی کی فضا میں قومی کھیل نے ہمیشہ قوم کو خوشخبری دی، امید کرتا ہوں کہ ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم رہنے پر روٹھے ہوئے شائقین کے چہروں پر دوبارہ خوشیاں لانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔