ہوشیار! ہیکرز نے 50 لاکھ کے قریب جی میل پاس ورڈز چوری کرلئے

ویب ڈیسک  جمعرات 11 ستمبر 2014
آئی ڈیز اور پاس ورڈز ہمارے سسٹم کی کمزوری کی وجہ سے چوری نہیں ہوئے، گوگل۔ فوٹو؛ فائل

آئی ڈیز اور پاس ورڈز ہمارے سسٹم کی کمزوری کی وجہ سے چوری نہیں ہوئے، گوگل۔ فوٹو؛ فائل

نئی دلی: روسی ہیکرز نے 50 لاکھ کے قریب جی میل آئی ڈیز اور  پاس ورڈز چوری کر لئے جو کہ ڈرائیو، پلس، یوٹیوب اور میپس وغیرہ کے لئے بھی استعمال ہوتے ہیں۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی ہیکرز نے تقریبا 49 لاکہ 30 ہزار  جی میل آئی ڈیز اور پاس ورڈز چوری کر لئے ہیں اور یہ تمام پاس ورڈز جی میل کے علاوہ، ڈرائیو، پلس، یو ٹیوب اور میپس کے لئے بھی استعمال ہوتے ہیں۔ ہیکرز نے اکاونٹس کی تفصیلات بھی انٹر نیٹ پر جاری کر دی ہیں اور کہا ہے کہ ہیک کئے گئے پاس ورڈز میں سے 60 فیصد پاس ورڈز اب بھی ایکٹو ہیں۔ دوسری جانب گوگل کا کہنا ہے کہ چوری کئے گئے پاس ورڈز میں سے صرف 2 فیصد ایکٹو ہیں اور  ہمارے خود کار  اینٹی ہائی جیکنگ سسٹم نے پاس ورڈ چوری کرنے کی بہت سی کوششوں کو  روکا۔

گوگل کا کہنا ہے کہ آئی ڈیز اور پاس ورڈز ہمارے سسٹم کی کمزوری کی وجہ سے چوری نہیں ہوئے بلکہ اکثر ایسی اہم چیزیں مختلف ذرائع سے حاصل کی جاتی ہیں۔ اگر آپ ایک جیسی یوزر آئی ڈیز اور  پاس ورڈز کو مخلتف ویب سائٹس پر استعمال کرتے ہیں اور ان میں سے ایک ویب سائٹ ہیک ہو جاتی ہے تو اس  اکاؤنٹ کے ذریعے سے دوسری ویب سائٹ پر بھی با آسانی لوگن ہوسکتا ہے جب کہ کچھ ہیکرز آئی ڈیز اور پاس ورڈز ہیک کرنے کے لئے دوسرے طریقے بھی استعمال کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔